Live Updates

کرپشن کیخلاف عوامی جدوجہد تحریک انصاف کی اولین ترجیح ہے،سندھ کی تباہی کا ذمہ دار آصف زرداری ٹولہ ہے،عارف علوی

سندھ کے نوجوان اقرباء پروری ، لوٹ مار اور جھوٹے مقدمات سے تنگ ہو کر فرسودہ نظام کو جڑ سے اکھاڑنا چاہتے ہیں، صدر پی ٹی آئی سندھ

بدھ 15 نومبر 2017 21:26

کرپشن کیخلاف عوامی جدوجہد تحریک انصاف کی اولین ترجیح ہے،سندھ کی تباہی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 نومبر2017ء) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علو ی نے کہا ہے کہ کرپشن کے خلاف عوامی جدوجہد تحریک انصاف کی اولین ترجیح ہے۔ جس طرح چیئرمین عمران خان نے وفاق میں شریف خاندان کی کرپشن کوبے نقاب کیا اسی طرح سندھ کی کرپشن کے بادشاہ آصف زرداری کو بھی بہت جلد اپنے منتقی انجام تک پہنچا کر دم لیں گے۔

سندھ کی تباہی کے ذمہ دار آصف زرداری اور ٹولہ ہے ۔یہ باتیں انہوں نے پارٹی سیکریٹریٹ ’’انصاف ہائوس‘‘ کراچی میں سندھ ایگزیکٹیو کونسل کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں ۔اس موقع پر صوبائی ایگزیکٹیو سینئر نائب صدر حلیم عادل شیخ، سینئر نائب صدر صداقت علی جتوئی، امیر بخش بھٹو، افتخار سومرو، آغا ارسلان خان، راجہ خان جکھرانی، ایم این اے لال مالہی،دیوان سچل،مشتاق جتوئی، ایوب شر ، رزاق باجوہ ، طاہر ملک، دوا خان صابر،نمروز خان، ڈاکٹر وحید اللہ اور دیگر رہنما ئوں نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ چیئرمین عمران خان کرپشن مٹائو اور سندھ بچائو ’’نو زرداری نو‘‘ مہم کے لئے بار بار سندھ آئیں گے جہاں عوامی ریلیاں اورصوبہ سندھ کے مختلف اضلاع میں جلسوں سے خطاب کریں گے۔ سندھ کے عوام زرداری گروپ کی کرپشن کے لئے مزید تیار نہیں ہیں۔ سندھ کے نوجوان ، ہاری اور باشعور سیاسی طبقہ لوٹ مار کے نظام سے چھٹکارا چاہتا ہے۔

اسی لئے پورے سندھ کے مختلف اضلاع سے جوق در جوق سیاسی اکابرین تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں ۔اس موقع پر تحریک انصاف سندھ کے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے سندھ کے سینئر سیاستدان امیر بخش بھٹو اور سندھ نیشنل فرنٹ کے دیگر رہنمائوں اور عہدیداران کی تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے پر مبارکباد دی اور انہیں یقین دلایا کہ ان کی شمولیت سے تحریک انصاف سندھ میں مزید مضبوط ہوگی اور تحریک انصاف کی کرپشن کے خلاف عوامی جدوجہد میں چیئرمین عمران خان کے ہاتھ مضبوط ہوں گے۔

ڈاکٹر عارف علو ی نے مزید کہا کہ سندھ کے نوجوان اقرباء پروری ، لوٹ مار اور جھوٹے مقدمات سے تنگ ہو کر اس فرسودہ نظام کو جڑ سے اکھاڑنا چاہتے ہیں۔ اس ظلم کے نظام سے پاکستانی قوم کو آزاد کرانے کی صلاحیت صرف دیانتدار اورایماندار قیادت کے پاس ہے اور وہ قیادت صرف اور صرف عمران خان ہیں۔ اس لئے آج سندھ کا نوجوان چیئرمین عمران خان کی طرف دیکھ رہا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات