حافظ نعیم الرحمن کا اورنگی ٹاؤن کا دورہ ،ْ عوام نے کے الیکٹرک اورنادرا کے مسائل سے آگاہ کیا

امیر جماعت اسلامی کراچی کی مسائل کے حل کے لیے تعاون کی یقین دہانی ،ْرابطہ عوام مہم کے سلسلے میں حنیف آباد، ہریانہ کالونی اور دیگر علاقوں میں ملاقاتیں

بدھ 15 نومبر 2017 20:29

حافظ نعیم الرحمن کا اورنگی ٹاؤن کا دورہ ،ْ عوام نے کے الیکٹرک اورنادرا ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 نومبر2017ء) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے ’’رابطہ عوام مہم ‘ ‘ کے سلسلے میں اورنگی ٹاؤن زون PS-94کا دورہ کیا اور جماعت اسلامی کے رہنماؤں اور کارکنوں کے ہمراہ عوام سے ملاقاتیں کیں ۔ حافظ نعیم الرحمن حنیف آباد ، ہریانہ کالونی اور اورنگی ٹاؤن 10نمبر کے مختلف علاقوں میں گئے اور علاقہ مکینوں ، دوکانداروں اور مختلف ہوٹلوں اور چوکوں پر موجود افراد سے ملاقات کی اور ان کو جماعت اسلامی کی دعوت اور پیغام پہنچایا ۔

دورے کے دوران انہوں نے قریشی برادری کے اہم افراد سے بھی ملاقات کی ۔ قریشی برادری کے رہنماؤں اور اور علاقہ مکینوں نے حافظ نعیم الرحمن کو اپنے مسائل و مشکلات اور پریشانیوں سے آگاہ کیا اور بالخصوص کے الیکٹرک اور نادرا کے حوالے سے درپیش مسائل بیان کیے اور بتایا کہ وہ اوور بلنگ اور لوڈشیڈنگ کے دوہرے عذاب کا شکار ہیں اور نادرا کی جانب سے قومی شناختی کارڈ کے حصول میں بے شمار روکاوٹیں اور پریشانیاں حائل ہیں ۔

(جاری ہے)

نادرا والے ایسی ایسی پرانی اور قدیمی دستاویزات کا مطالبہ کرتے ہیں جن کا پیش کیا جانا انتہائی مشکل اور ناممکن ہے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے عوام کو یقین دلایا کہ جماعت اسلامی ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی اور متعلقہ اداروں کی توجہ اس جانب مبذول کرائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ جماعت اسلامی نے کے الیکٹرک کے ظلم اور لوٹ مار کے خلاف مؤثر احتجاج اور جدوجہد کی ہے اور عوام کے حق اور مسائل سے نجات کی تحریک جاری رہے گی ۔

عوام کی جانب سے حافظ نعیم الرحمن کی آمد کا بھرپور خیرمقدم کیا گیا اور جماعت اسلامی کی کوششوں کو سراہا گیا ۔ حافظ نعیم الرحمن نے دورے کے دوران عوام سے گفتگو اور مختلف مقامات پر خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی نے ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کراچی کے عوام کا استحصال کیا ہے ۔کراچی کے عوام آج بھی بے شمار مسائل کا شکار ہیں ۔

35سال کی سیاست اور قیادت نے کراچی کو تباہ و برباد کیا۔ ہمیں آگے بڑھنا ہوگا حق اور سچ کا ساتھ دینا ہوگا ۔ بے حمیت حکمرانوں سے جان چھڑانا ہوگا اسی لیے عوام کراچی کے مسائل حل کرنے کے لیے جماعت اسلامی کا دست و بازو بنیں ۔ہمارا دین ہم سے تقاضہ کرتا ہے کہ سب ایک ساتھ مل کررہیں ، مظلوموں کا ساتھ دیں اور امیر غریب کا فرق ختم کریں ۔ جماعت اسلامی دین کی طرف دعوت دیتی ہے ، عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے ۔

سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان نے اپنے دور میں کراچی کے لوگوں کو 200ملین گیلن پانی فراہم کیا۔ مین روڈ ، ماڈل پارک اور فلائی اوورز سمیت مختلف پروجیکٹ پر کام کیا اور کراچی کے رونقیں بحال کیں لیکن اس کے بعد سے اب تک ایک گیلن پانی کا اضافہ بھی نہیں ہوسکا ۔ ایک بار پھر کراچی کے عوام کا استحصال کرنے اور دھوکہ دینے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ جماعت اسلامی کے کارکنان کی ذمہ داری ہے کہ گھر گھر جائیں ، عوام سے رابطہ کریں اور صحیح اور غلط کی پہچان کرائیں ورنہ پھر سے لسانی سیاست کر کے کراچی کو ایک بار پھر تاریکی میں دھکیل دیا جائے گا۔

کے الیکٹرک مافیا نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے ، لاکھوں روپے کا بل بھیج دیا جاتا ہے کوئی پوچھنے والا نہیں ہے ۔نادرا بھی قومی شناختی کارڈ کے اجراء میں روکاوٹیں پیدا کررہا ہے عوام سے کہا جاتا ہے کہ راشن کارڈ لے کر آؤ مختلف حیلے بہانوں سے عوام کو تنگ کیا جاتا ہے ۔اس موقع پر ان کے ہمراہ امیر جماعت اسلامی ضلع غربی عبد الرزاق خان ، امیر زون مزمل حسین انصاری، سکریٹری زون ذوالفقار عباسی اور دیگر بھی موجود تھے ۔