حکومت ناصر شیرازی کو فوری بازیاب کرائے،پیپلز پارٹی مغوی کی بازیابی کیلئے پارلیمنٹ میں آواز اٹھائے گی،بلاول بھٹو

ناصر شیرازی کے اغوا کی ذمہ دار پنجاب حکومت ہے، (ق) لیگ ناصر شیرازی کی بازیابی کیلئے مجلس وحدت مسلمین کے ساتھ کھڑی ہے،چوہدری شجاعت ظلم و بربریت کا کوئی حربہ ہم پر کارگر ثابت نہیں ہو گا، جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا قانون نہیں چلنے دیں گے،ناصر شیرازی کی بازیابی میں تاخیری حربے پنجاب حکومت کے لیے نقصان دہ ثابت ہوں گے، ناصر عباس مجلس وحدت مسلمین کے سیکرٹری جنرل علامہ ناصر جعفری کی چیئرمین پیپلز پارٹی اور(ق)لیگ کے سربراہ سے ملاقاتوں میں گفتگو

بدھ 15 نومبر 2017 20:28

حکومت ناصر شیرازی کو فوری بازیاب کرائے،پیپلز پارٹی مغوی کی بازیابی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 نومبر2017ء) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری اور پاکستان مسلم لیگ قاف کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ملاقاتوں میں سیاسی رہنماوں کو پنجاب حکومت کی جانب سے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنما سید ناصر شیرازی ایڈووکیٹ کے اغوا پر اپنی تشویش سے آگاہ کیا گیا۔

دونوں رہنماوں کی جانب سے واقعہ کو پارلیمنٹ میں اٹھانے کی یقین دہانی کرائی گئی۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ناصر شیرازی کی جبری گمشدگی کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے پنجاب حکومت کو اس واقعہ کا ذمہ دار ٹھرایا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک سیاسی و مذہبی جماعت کے مرکزی رہنما کا اغوا نام نہاد جمہوریت کے ماتھے پر کلنک کا ٹیکہ ہے، مجلس وحدت مسلمین کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل کی بازیابی کیلئے پیپلز پارٹی قومی اسمبلی،سینٹ اور سندھ اسمبلی میں آواز اٹھائے گی۔

(جاری ہے)

چوہدری شجاعت حسین نے ناصر شیرازی کی جبری گمشدگی کے خلاف شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ناصر شیرازی کے اغوا کی ذمہ دار پنجاب حکومت ہے۔قاف لیگ اس ظالمانہ اور غیر آئینی اقدام کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کے ساتھ کھڑی ہے۔اس ایشو کو سینٹ اور قومی اسمبلی میں بھرپور انداز سے اٹھایا جائے گا۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا پنجاب حکومت سیاسی مخالفین کو ریاستی اداروں کے ذریعے انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے۔

آئین و قانون کی اس تضحیک اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر پارلیمانی جماعتوں کو پنجاب حکومت کے خلاف اپنا بھرپورکردار ادا کرناچاہیے تاکہ آئین کی بالادستی کو یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا ظلم و بربریت کا کوئی بھی حربہ ہم پر کارگر ثابت نہیں ہو گا۔ملت تشیع کو دیوار سے لگانے کی حکومتی کوشش ارباب اختیار کو مہنگی پڑے گی۔جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا قانون نہیں چلنے دیں گے۔

مسلم لیگ نون سوچنے سمجھنے کی صلاحیتوں سے عاری جماعت ہے جوعدلیہ کے منصفانہ فیصلوں کو دوہرا معیار قرار دے کر اپنے اندر کا غبار کم کرنے کی ناکام کوشش میں مصروف ہے۔ریاستی اداروںکے کردار پر تنقید کر کے عوام میں شکوک و شبہات پیدا کیے جا رہے ہیں جس کا مقصد ملک کو مزید عدم استحکام سے دوچار کرنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ناصر شیرازی کا اغوا پنجاب حکومت کی منظم منصوبہ بندی کا حصہ ہے، ان کی بازیابی میں تاخیری حربے پنجاب حکومت کے لیے مشکلات پیدا کریں گے۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے سید ناصر شیرازی کی بازیابی کے لیے تعاون کی بھرپور یقین دہانی پر دونوں رہنماوں کا شکریہ ادا کیا۔ملاقاتوں میںمرکزی رہنما علامہ احمد اقبال رضوی، علامہ مبارک موسوی،مظاہر شگری اور آصف رضا ایڈووکیٹ بھی موجود تھے۔