ملاکنڈکے عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات فراہم کی جارہی ہے ،وکیل محمد

بدھ 15 نومبر 2017 20:03

ملاکنڈ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2017ء)ضلعی صحت آفیسر مالا کنڈ وکیل محمد نے کہا ہے کہ ضلع میں 4 کیٹگری ڈی اور ایک تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات فراہم کر رہے ہیںجن پر موجودہ مالی سال 2017-18 کے دوران عوام کو مفت ادویات کی فراہمی کے لئے مجموعی طور پر 78 لاکھ ساٹھ ہزار روپے فراہم کیے گئے ہیں۔ان خیالات کااظہارانہوں نے میڈیا کے نمائیندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

اُنہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ ضلع بھر میں 5 دیہی صحت مراکز،20 بنیادی صحت مراکز اور 9 ڈسپنسریا ں کام کر رہی ہیں۔ جن میں مریضوں کومفت ادویات کی فراہمی کے لئے موجودہ مالی سال کے دوران مجموعی طور ایک کروڑ 11 لاکھ اور 20 ہزار روپے مختص کئے گئے ہیں ۔اُنہوں نے کہا کہ درگئی میں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں مفت ادویات کی فراہمی کے لئے 40 لاکھ جبکہ تھانہ ، طوطہ کان ، اگرہ اور مالاکنڈ خاص میں کیٹیگری ڈی ہسپتال میں مفت ادویات کی فراہمی کے لئے مجموعی طور پر 38 لاکھ 60 ہزار روپے رکھے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ اِن ہسپتالوں میں او۔پی۔ڈی، ان ڈور ۔ ایمر جنسی ، ایکسرے ، ای سی جی اور الٹراساونڈ کی سہولت عوام کو دی جارہی ہیں۔ ان ہسپتالوں میں آرتھوپیڈک چلڈرن اور میڈ یکل سپیشلسٹ بھی موجود ہیںجبکہ سرجیکل ، گائینی، ای این ٹی، آئی، ریڈ یالوجسٹ ، پتھالوجسٹ اور فارماسسٹ کی آسامیاں خالی ہیں جن پر متعلقہ ماہرین کی تعیناتی کے لئے کوشش کی جارہی ہے اور اُمید ہے کہ عوام کی سہولت کے لئے اِن ماہرین کی تعیناتی بہت جلد کی جائے گی۔