چارسدہ میں گوشت، مچھلی اور دودھ سمیت مختلف اشیائے خوردنوش کے نرخ مقرر

بدھ 15 نومبر 2017 19:35

چارسدہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 نومبر2017ء) چارسدہ میں گوشت، مچھلی اور دودھ سمیت مختلف اشیائے خوردنوش کے نرخ مقرر کردیئے گئے ڈپٹی کمشنر چارسدہ نے محکمہ خوراک کے ذمہ داروں سمیت تمام متعلقہ احکام کو خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی کرنے کی ہدایت کردی ، خلاف ورزی کرنے والوں کو جیل بھیج دیا جائیگا ۔ اس سلسلے میں پرائس ریویو کمیٹی ضلع چارسدہ کا اجلاس زیر صدارت ڈپٹی کمشنر چارسدہ منتظر خان منعقد ہوا جس میں اسسٹنٹ کمشنر چارسدہ طلعت فہد، اے ڈی سی اعجاز خان، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر تنگی یوسف علی مہمند، اے سی شبقدر شبیر جان ، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر ارشد خان ، اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر عبدالحفیظ سمیت متحدہ شاپس کیپرز فیڈریشن چارسدہ کے صدر حکیم اللہ فوجی اور تاجر اتحاد چارسدہ کے صدر افتخار حسین صراف اور رہنماؤں ، مختلف ٹریڈز کے نمائندوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ضلع چارسدہ میں قیمتوں کو کنٹرول کرنے ، معیاری اشیاء خوردنوش کو عوام تک رسائی کو ممکن بنانے اور ناجائز منافع خوری کی روک تھام کیلئے مختلف اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں ضلع چارسدہ میں قیمتوں میں کمی لانے کیلئے تمام اشیاء خوردنوش کے نرخ مقرر کرکے سرکاری نرخنامے جاری کرنے کی منظوری دے دی گئی جسکے مطابق 160 گرام روٹی کا نرخ 10 روپے، مچھلی کا نرخ 210 روپے فی کلو ، پکا مچھلی 250 روپے کلو، خالص دودھ 100 روپے جبکہ دہی 100 روپے کلو، کائنات چاول نمبر1 116 روپے کلو،چاول سیلہ 105 روپے کلو، دال چنا 110 روپے کلو، سرخ لوبیا نمبر1 125 روپے کلو، دال ماش کرمی 136 روپے کلو، بیسن چنا 120 روپے کلو ، بیسن مٹر 55 روپے کلو، چنا موٹا 214 روپے کلو، چاول موٹا 65 روپے کلو، سوجی 50 روپے ، گوشت کی قیمت 290 روپے فی کلو، کباب سپیشل 290 روپے، فی کلو، سادہ کباب 250 روپے فی کلو، چھوٹا گوشت 500 روپے فی کلو مقرر کردی گئی جبکہ مٹھائی بیکری سمیت مختلف اشیائے خوردنوش کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا گیا ۔

ڈپٹی کمشنر منتظر خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نرخناموں کی پابندی لازمی ہوگی اور کوالٹی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔ ملاوٹی اور غیر معیاری اشیاء خوردنوش فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائیگی جبکہ قصائیوں کو معیاری گوشت پورے وزن کے ساتھ صارفین کو دینے کا پابند بنایا جائیگا۔ اُنہوں نے قصائیوں کیلئے تمام سہولیات پر مشتمل مذبح خانہ تعمیر کرنے کی بھی یقین دہانی کرادی۔