یوکے پاکستان چیمبر آف کامرس اکتوبر 2018میں برطانیہ میں- --" میڈ ان پاکستان" نمائش لگائے گا۔ چوہدری محمد صدیق

برطانیہ کے سرمایہ کاروں کیلئے پاکستان میں جوائنٹ وینچرز اور سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع موجود ہیں۔ شیخ عامر وحید

بدھ 15 نومبر 2017 19:16

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 نومبر2017ء) یو کے پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر چوہدری محمد صدیق نے ایک 10رکنی وفد کے ہمراہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کا چیمبر اکتوبر 2018میں برطانیہ میں" میڈ ان پاکستان" نمائش منعقد کرے گا جس کا مقصد برطانیہ کی مارکیٹ میں پاکستانی مصنوعات کو فروغ دینا ہے۔

وفد میں ہوٹل و رسٹورینٹ، رئیل اسٹیٹ، فرنیچر، صحت و تعلیم، حلال گوشت، لائیوسٹاک اور درآمدکنندگان سمیت دیگر شعبوں کے نمائندگان شامل تھے۔چوہدری محمدصدیق نے کہا کہ برطانیہ میں مقیم پاکستانی پاکستان سے بہت زیادہ محبت کرتے ہیں اور پاکستان کو ایک تیزی سے ترقی کرتا ہوا اور خوشحال ملک دیکھنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یوکے پاکستان چیمبر آف کامرس کا ایک 25رکنی وفد ان دنوں پاکستان آیا ہوا ہے جس نے کراچی ایکسپو میں شرکت کی ہے اور وفد پاکستان کی مارکیٹ کا مطالعہ کرنا چاہتا ہے کیونکہ برطانیہ میں مقیم بہت سے پاکستانی سرمایہ کار پاکستان میں جوائنٹ وینچرز و سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وفد نے کراچی اور لاہور کا کامیاب دورہ کیا ہے اور کچھ کاروباری معاہدے بھی طے کئے ہیں۔یوکے پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے جنرل سیکرٹری کامران خان نے کہا کہ ان کے چیمبر کا مقصد پاکستان و برطانیہ کے مابین باہمی تجارت کو فروغ دینا ہے اور اور اس عزم کا اظہا ر کیا کہ یو کے پاکستان چیمبر برطانیہ کے مزید سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے پر آمادہ کرنے کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا پاکستان کے مثبت عناصر کو کم اور منفی عناصر کو زیادہ اجاگر کرتا ہے جس سے برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کی خاص طور پر نوجوان نسل میں پاکستان کے بارے میں ایک غلط تاثر پیدا ہوتا ہے لہذا انہوں نے میڈیا پر زوردیا کہ وہ پاکستان کے مثبت پہلوئوں کو اجاگر کرنے پر زیادہ توجہ دے جس سے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو بہتر فروغ ملے گا۔

انہوں نے تجویز دی کہ اسلام آباد اور یو کے چیمبر آف کامرس ایک دوسرے کے ممبران کیلئے ہیلپ ڈیسک قائم کریں تا کہ دونوں جانب کی تاجر برادری کو ایک دوسرے کے ملک میں کاروبار کے مواقع تلاش کرنے میں سہولت فراہم ہو۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کاروبار کیلئے ایک ابھرتی ہوئی مارکیٹ ہے جبکہ سی پیک نے ہمارے ملک میں سرمایہ کاری کے بے شمار نئے مواقع پیدا کر دیئے ہیں لہذا برطانیہ کے سرمایہ کار پاکستان میں جوائنٹ وینچرز و سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے پر توجہ دیں ۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک تجارتی وفود کا تبادلہ بڑھانے کی کوشش کریں جس سے باہمی تجارت کو موجو دہ 2.5ارب پائونڈ سے بڑھا کر جلد ہی 3ارب پائونڈ سالانہ تک کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یو کے پاکستان چیمبر آف کامرس برطانیہ میں مقیم پاکستانی سرمایہ کاروں کو زیادہ سے زیادہ تعداد میں پاکستان لانے کی کوشش کرے تا کہ وہ اپنی دلچسپی کے شعبوں میں کاروبار و سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کر سکیں۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد نوید اورنائب صدر نثار مرزا نے کہا کہ اسلام آباد اور یو کے پاکستان چیمبر آف کامرس باہمی روابط کو مضبوط کر کے دونوں ممالک کے نجی شعبوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے کیلئے کوششیں تیز کریں جس سے دوطرفہ تجارت کو بہتر کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں چیمبر ایک دوسرے کے ملک میں کاروبار تلاش کرنے کی کوششوں میں تاجر برادری کو ہر ممکن سہولت فراہم کریں۔

دونوں جانب کی تاجر برادری کی رائے تھی کہ سی پیک منصوبے میں چین کی بڑی کمپنیوں سے دیگر بڑے سرمایہ کار شرکت کر رہے ہیں لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں چیمبر سی پیک میں ایس ایم ایز کیلئے کاروبار کے مواقع تلاش کرنے کیلئے کوشش کریں۔ اس موقع پر دونوں جانب کی تاجر برادری نے آپس میں بی ٹو بی میٹنگز بھی کیں اور دلچسپی کے شعبوںمیں کاروباری شراکتیں قائم کرنے کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔