کرپٹ سیاستدان و غریب لوگ سیاست میں آ کر لوٹ مار کے ذریعے ارب پتی بن چکے ہیں،اسحاق خاکوانی

بدھ 15 نومبر 2017 19:15

چشتیاں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 نومبر2017ء) پاکستان تحریک انصاف جنوبی پنجاب کے صدر اسحاق خان خاکوانی نے کہا ہے کہ قیام پاکستان کے بعد لیڈران سیاست کو عبادت سمجھ کر عوام کی خدمت کرتے تھے ۔ لیکن اب لوٹ مار کے لیے سیاست کی جاتی ہے ۔ کرپٹ سیاستدان و غریب لوگ سیاست میں آ کر لوٹ مار کے ذریعے ارب پتی بن چکے ہیں۔ پاکستان کے معرض وجودمیں آنے کے بعدلیڈران اپنا سب کچھ ہندوستان میں چھوڑ آئے اورپاکستان میں آ کر ایک مرلہ زمین بھی نہیں لی ۔

آنے والی نسلوں ، مزدوروں ، کسانوں کی خوشحالی اور مضبوط پاکستان کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان وقت کی اشد ضرورت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چشتیاں میں ضلعی ورکرکنونشن کے موقع پر تقریب سے خطاب کے دوران کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی میاں ممتا زاحمد مہاروی ، سید ندیم زمان شاہ ، فاروق اسلم چھیاٹھیا، سابق پارلیمنٹیرین ممتاز احمد متیانہ اور ضلع بھر سے تحریک انصاف کے رہنمااور کارکن بھی موجود تھے ۔

انہوں نے کہا کہ وطن عزیز سے کرپشن کا خاتمہ مزدوروں کسانوں کی خوشحالی اور پسماندہ علاقوں کی محرومیوں کے ازالہ کے لیے نوجوانوں سمیت ہر شخص کو تحریک انصاف کا ساتھ دینا ہو گا ۔ مزدور کسان معاشی بد حالی کا شکار ہیں۔ انہوںنے کہا ایک سو چھبیس دن کے دھرنے کے دوران تحریک انصاف کے کارکنوں نے بھوک ، شدید سردی اور صعوبتوں کو برداشت کر کے پارٹی کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں ۔

جنہیں کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ۔کار کن تین دسمبر چشتیاں میں عمران خان کے جلسہ عام کو کامیاب بنانے کے لیے اپنا بھر پورکردار ادا کریں۔ کنونشن سے تحریک انصاف جنوبی پنجاب کے جنرل سیکرٹری ملک عون عباس ، تحریک انصاف کے ضلعی صدر ملک مظفر خان ، میاں سکندر فیاض خان بھڈیرہ ، عبداللہ وینس ، اسد علی خان ، ملک عظمت اللہ اور ذیشان بشیر چاولہ نے بھی خطاب کیا ۔

متعلقہ عنوان :