حسن علی کی ویرات کوہلی کو آؤٹ کرنے کی خواہش ، اچھا کرکٹر خود کو ہر فارمیٹ کے مطابق ڈھال لیتا ہے، شعیب ملک

بدھ 15 نومبر 2017 19:13

حسن علی کی ویرات کوہلی کو آؤٹ کرنے کی خواہش ، اچھا کرکٹر خود کو ہر فارمیٹ ..
لاہور۔15 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2017ء) حسن علی نے ویرات کوہلی کو آؤٹ کرنے کی خواہش ظاہر کر دی، پیسر بطور آل راؤنڈر کارکردگی دکھانے کیلئے پرعزم ہیں۔ لاہور کے مقامی ہوٹل میں ٹی ٹین کرکٹ لیگ کی فرنچائز پنجابی لیجنڈز کی کٹ کی تقریب رونمائی میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فٹ رہنے کیلئے مسلسل ایکشن میں رہنا ضروری ہے، میرا خیال ہے کہ کھیلتے رہیں تو فٹنس زیادہ بہتر ہوتی ہے، ویرات کوہلی کو آؤٹ کرنے کی خواہش ہے ، یقین ہے کہ ایسا موقع ضرور ملے گا، انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ بطور آل راؤنڈر ٹیم میں جگہ ملی ہے، بولنگ کے ساتھ بیٹنگ میں بھی صلاحیتوں کے جوہر دکھانا چاہتا ہوں، انہوں نے کہا کہ جشن منانے کا انداز اپنانے کیلیے بھی خاص تیاری کی ہے۔

(جاری ہے)

شعیب ملک نے کہا کہ مصباح الحق ہر فارمیٹ کے کپتان ہیں، ٹی ٹین لیگ میں بہت کم اوور ہونے کی وجہ سے بولرز بہت زیادہ دباؤ میں ہوں گے، اچھا کرکٹر خود کو ہر فارمیٹ کے مطابق ڈھال لیتا ہے، پوری امید ہے کہ شارجہ میں ہونے والے اس ایونٹ میں اچھی کارکردگی دکھائیں گے اور مضبوط ٹیموں کی موجودگی میں زبردست کرکٹ ہو گی۔ مشتاق احمد نے کہا کہ ٹی ٹین فارمیٹ بولرز کا کڑا امتحان ہے، نئے فارمیٹ میں چھوٹی غلطیاں بڑی ثابت ہوں گی،کوشش کریں گے کہ ٹرافی جیت کر آئیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جس طرح کرکٹ سکڑتی جا رہی ہے، مجھے لگتاہے کہ چند سال بعد ڈبل وکٹ ٹورنامنٹ بھی مقبولیت اختیارکریں گے۔ یاد رہے کہ ٹی ٹین لیگ کیلیے پنجابی لیجنڈز ٹیم میں کپتان مصباح الحق، شعیب ملک، عبدالرزاق، حسن علی، فہیم اشرف، غلام شبیر، کارلوس بریتھ ویٹ، کرس جورڈن، رنگنا ہیراتھ، دولت زدران، عادل شریف، اسامہ میر، لیوک رونچی شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :