کسان پیکج کے تحت بلاسود قرضوں کے حصول کیلئے رجسٹریشن کی تاریخ میں 30نومبر تک توسیع

بدھ 15 نومبر 2017 18:54

ملتان۔15 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2017ء)محکمہ زراعت ملتان نے کہا ہے کہ خادم پنجاب کسان پیکیج کے تحت بلا سود زرعی قرضوں کے حصول کیلئے رجسٹریشن کی تاریخ میں 30 نومبر تک توسیع کر دی گئی ہے،رجسٹریشن کیلئے کسی قسم کی فیس مقرر نہیں کی گئی،خادم پنجاب کسان پیکج کے تحت صرف 11 ماہ میں 1 لاکھ 80 ہزار چھوٹے کاشتکاروں کو بلا سود قرضہ جات کی فراہمی کی گئی،ربیع کیلئے 25 ہزار روپے فی ایکڑ تک جبکہ خریف کیلئے 40 ہزار روپے فی ایکڑ تک کے بلا سود زرعی قرضہ جات فراہم کیے جا رہے ہیں،ساڑھے 12 ایکڑ تک اراضی کے کاشتکاروں کیلئے 100 ارب روپے کے بلا سود قرضے دئیے جا رہے ہیں،ترجمان نے مزید کہا کہ پنجاب بھر میں 6 لاکھ کسانوں کو قرضہ جات کی فراہمی کی جائے گی، 5 ایکڑ زمین کے کاشتکاروں کو ترجیحی بنیادوں پر قرضہ جات کی فراہمی کی جارہی ہے، پچھلے قرضہ کی بروقت ادائیگی پر آئندہ فصل کیلئے بھی بلاسود قرضہ دیا جائے گا، کاشتکاروں کو رجسٹریشن کے بعد سٹاف کی جانب سے بغیر فیس کے ٹوکن جاری کیا جائے گا،اہلیت کے معیار پر پورا اترنے کی صورت میں متعلقہ کاشتکار سے بینک اور متعلقہ ادارے کی جانب سے مزید کارروائی کیلئے رابطہ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

کاشتکار متعلقہ تحصیل اراضی ریکارڈ سینٹر میں اصل شناختی کارڈ، موبائل نمبر اور زمین کی تفصیل کے ہمراہ تشریف لائیں،مزارعین اور ٹھیکیداران بھی اس سکیم کے تحت قرضہ حاصل کرسکتے ہیں، رجسٹریشن کی آخری تاریخ میں 30 نومبر 2017 تک توسیع کردی گئی ہے، اخوت، نیشنل رول سپورٹ پروگرام، زرعی ترقیاتی بینک، نیشنل بینک آف پاکستان اور ٹیلی نار بینک سے قرضہ حاصل کیا جاسکتا ہے، بے زمین کاشتکار قرض کیلئے قریبی اخوت سینٹر یا نیشنل رول سپورٹ پروگرام سے رابطہ کریں۔