سستی کھاد سے زرعی اجناس پر کاشتکاروں کی پیداواری لاگت کم ہوسکے گی،محکمہ زراعت

بدھ 15 نومبر 2017 18:54

ملتان۔15 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2017ء)محکمہ زراعت ملتان نے کہا ہے کہ خادم پنجاب کسان پیکج کے تحت ڈی اے پی کھاد پر اربوں روپے کی سبسڈی سے صوبہ بھر کے 52لاکھ کاشتکار مستفید ہوں گے ، خادم پنجاب کسان پیکج کے تحت زرعی شعبہ میں ایک اور انقلابی قدم اٹھا کر کسانوں کو ڈی اے پی کھاد پر فوری سبسڈی کی فراہمی شروع ہے ، سستی کھاد سے زرعی اجناس پر کاشتکاروں کی پیداواری لاگت کم ہوسکے گی اور کھاد وں کے متناسب استعمال کوفروغ حاصل ہوگا، ڈی اے پی کھاد کی فی بوری پر150روپے کی سبسڈی کی بذریعہ وائوچر فراہمی شروع کردی گئی ہے،محکمہ زراعت نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب کسان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور اسے ہر وہ سہولت فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے جو اس کی پیداواری لاگت کو کم کرسکے، اس سبسڈی سے فائدہ اٹھانے کے لئے غیر رجسٹرڈ کسان آج ہی پنجاب زرعی ہیلپ لائن پر فون کرکے اپنی رجسٹریشن کروائیں غیر رجسٹرڈ کسان سبسڈی اور دیگر معلومات حاصل کرنے کے لئی0800-15000 0800-29000پر کال کریں ، جبکہ رجسٹر ڈ کاشتکاراپنے موبائل فون سے سکریچ کارڈ نمبر سپیس ڈال کر شناختی کارڈ نمبر کے ساتھ 8070پر بھیجیں اور تصدیقی پیغام موصول ہونے پر قریبی ایزی پیسہ شاپ پر میسج دکھا کر رقم حاصل کریں ، یہ سبسڈی صرف پنجاب کے کسانوں کے لئے ہے۔