پولو ان پنک 2017ء بائی شوکت خانم ہسپتال ٹورنامنٹ کے دوسرے روز دو دلچسپ میچز کھیلے گئے

ریمنگٹن پولو نے آخری لمحات میں ارٹیما میڈیکل /بلیک ہارس پینٹس کو 6-5.5 اور ایڈی زیل نے گارڈ گروپ کو 8-6 سے ہرا دیا

بدھ 15 نومبر 2017 18:50

پولو ان پنک 2017ء بائی شوکت خانم ہسپتال ٹورنامنٹ کے دوسرے روز دو دلچسپ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 نومبر2017ء) لاہور پولو کلب کے زیراہتمام پولو ان پنک 2017ء بائی شوکت خانم ہسپتال ٹورنامنٹ کے دوسرے روز دو دلچسپ میچز کھیلے گئے۔ پہلے میچ میں ریمنگٹن پولو نے آخری لمحات میں ارٹیما میڈیکل /بلیک ہارس پینٹس کو 6-5.5 سے جبکہ دوسرے میچ میں ایڈی زیل نے گارڈ گروپ کو 8-6 سے ہرا دیا۔ تفصیلات کے مطاب پولو ان پنک بائی شوکت خانم ٹورنامنٹ کاپہلادن بارش کی وجہ سے نہ ہو سکا مگر دوسرے دن خوبصورت موسم میں دو زبردست میچز ہوئے۔

اس موقع پر لاہور پولو کلب کے صدر عرفان علی حیدر، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران احمد نواز ٹوانہ، ثاقب خان خاکوانی ،سیکرٹری کرنل (ر) آفتاب، ممبرز اور ان کی فیملیز کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ریمنگٹن پولو نے ارٹیما میڈیکل /بلیک ہارس پینٹس کے خلاف شاندار آغاز کیا مگر حمزہ مواز خان اکیلے نے میچ کا رخ بدل کر ارٹیما میڈیکل /بلیک ہارس پینٹس کیلئے برتری حاصل کی جو چوتھے چکر کے آخر تک رہی مگر میچ ختم ہونے سے چند سیکنڈ قبل ریمنگٹن پولو کی طرف سے بلال حئی نے خوبصورت گول کرکے ٹیم کو میچ جتوا دیا۔

(جاری ہے)

ریمنگٹن پولو کی طرف سے تمام چھ گول بلال حئی نے سکور کیے جبکہ ارٹیما میڈیکل /بلیک ہارس پینٹس کی طرف سے تین گول حمزہ مواز خان جبکہ ایک گول ابوبکر صدیق نے کیا جبکہ ڈیڑھ گول انہیں ہینڈی کیپ ایڈوانٹیج حاصل تھا۔ دوسرے میچ میں ایڈی زیل نے گارڈ گروپ کو 8-6 سے ہرایا۔ ایڈی زیل کی طرف سے احمدنواز ٹوانہ نے چار، عبدالرحمان منوں نے تین جبکہ عاطف یار ٹوانہ نے ایک گول کیا۔ گارڈ گروپ کی طرف سے تیمور مواز خان نے تین جبکہ تیمور علی ملک نے دو اور سامر ملک نے ایک گول سکور کیا۔ آج بروز جمعرات تین ٹیمیں دیواز اون، سکف اور ٹیرا انرجی امریکن سسٹم کے تحت دو دو چکرز کھیلیں گی۔ پھر تین بجے نیوایج کا مقابلہ ریجاس سے ہوگا۔

متعلقہ عنوان :