Live Updates

نواز شریف عدلیہ اور اسٹیبیلشمنٹ پر خود کش حملہ کرنا چاہتے ہیں ،بہت سے لوگ ان سے علیحدگی چاہتے ہیں ، عمران خان

اداروں سے محاذ آرائی سے کچھ حاصل نہیں ہو گا ،خیبرپختونخوا کے آثارقدیمہ کوفروغ دیکرمعیشت مستحکم کی جاسکتی ہے، سوئٹزرلینڈ ہم سے چھوٹا ملک ہے اس کا سیاحت کا بجٹ پاکستان کے پورے بجٹ سے زیادہ ہے خیبر پختواہ میں ایک ارب درخت لگائے گئے ہیں،آلودگی سے بچنے کیلئے نئے زون بنانا ہونگے،خانپور میں بھمالہ کے مقام پر دریافت ہونے والے بدھا کے مجسمے اور پانچ ہزار سال قبل مسیح کے مذہبی مقامات کے دورے کے دوران میڈیا سے خصوصی گفتگو

بدھ 15 نومبر 2017 18:34

نواز شریف عدلیہ اور اسٹیبیلشمنٹ پر خود کش حملہ کرنا چاہتے ہیں ،بہت ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 نومبر2017ء) ٹیکسلا چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ بہت سے لوگ نواز شریف سے علیحدگی چاہتے ہیں جس کی وجہ یہ ہے کہ نواز شریف عدلیہ اور اسٹیبیلشمنٹ پر خود کش حملہ کرنا چاہتے ہیں ،اداروں سے محاذ آرائی سے کچھ حاصل نہیں ہو گا اس سے ملک وقوم کا نقصان ہو گا ،پاکستان کو اللہ نے وسائل سے مالا مال کیا ہے ،دنیا کے سب سے خوبصورت علاقے ہمارے پاس ہیں ،خیبر پختواہ میں ایک ارب درخت لگائے ،آلودگی سے بچنے کے لئے نئے زون بنانا ہوں گے۔

ہم آثارقدیمہ کی مرمت و بحالی کرکے بین الاقوامی سطح پرآرکیالوجیکل سیاحت کو فروغ دے سکتے ہیں،گزشتہ دس سالوں سے اب یہاں حالات پرامن ہیں ، سوئٹزرلینڈ ہم سے چھوٹا ملک ہے اس کا سیاحت کا بجٹ پاکستان کے پورے بجٹ سے زیادہ ہے ،خیبرپختونخوا کی پولیس نے امن بحالی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوںنے ہری پور کے آثارقدیمہ بھمالہ میں دریافت شدہ 14میٹر لمبے بدھا کے آثارکے دورے کے موقع پر کیا۔

اس موقع پر انکے ہمراہ سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی اسد قیصر، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا اعظم خان ، سیکرٹری ٹورازم و آثارقدیمہ محمد طارق، ڈائریکٹر آرکیالوجی ڈاکٹر عبدالصمد سمیت بیرون ممالک کے پاکستان کیلئے سفیر جن میں سری لنکا، کوریا ،آسٹریا، موریشیئس اور دیگر شامل تھے نے بھمالہ میں کھدائی کے دوران دریافت ہونیوالے بدھا کے اڑتالیس فٹ کے مجسمے اور دیگر مذہبی مقامات اور گہری دلچسپی کا اظہار کیا ۔

بھمالہ آثار قدیمہ پر ڈائریکٹر یٹ آف آرکیالوجی اور ٹورازم ڈیپارٹمنٹ کے باہمی تعاون سے بریفنگ کا انعقاد بھی کیا گیا۔عمران خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں امن کی بحالی میں خیبرپختونخوا کی ولیس نے اہم کردار ادا کیا جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوںامن کی بحالی کے باعث صوبہ میں سیاحت نے کافی ترقی کی اور بین الاقوامی سیاحوں نے صوبہ کے سیاحتی مقامات کا رخ کیا ہے ، ہماری کوشش ہے کہ صوبہ میں موجود آثارقدیمہ کی مزید مرمت و بحالی کرکے یہاں بین الاقوامی سیاحوں کو راغب کیا جائے کیونکہ سری لنکا ، ملائیشیا ء ، چائنہ ، کوریا، تھائی لینڈاور دیگر ممالک کے بدھ مت کے مقدس مقامات موجود ہیں جس کیلئے وہاں سے لاکھوں کی تعداد میں سیاحوں کو اپنی عبادات اور رسومات کیلئے راغب کیا جا سکتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اللہ نے وسائل سے مالا مال کیا ہے ،دنیا کے سب سے خوبصورت علاقے ہمارے پاس ہیں ، انہوں نے کہا کہ اس ملک کو ایسی ایسی چیزیں ملی ہیں کہ دنیا کے نقشے پر یہ ملک سب سے آگے ہو سکتا ہے، انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے آثارقدیمہ کوفروغ دیکرمعیشت مستحکم کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختواہ میں ایک ارب درخت لگائے گئے ہیں، انہوں نے کہا کہ آلودگی سے بچنے کیلئے نئے زون بنانا ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ ہم آثارقدیمہ کی مرمت و بحالی کرکے بین الاقوامی سطح پرآرکیالوجیکل سیاحت کو فروغ دے سکتے ہیں،گزشتہ دس سالوں سے اب یہاں حالات پرامن ہیں ،انہوں نے کہا کہ اگر ہمار ے پاس دنیا کے بہترین ماہر ین اور دیگر تکنیکی سہولیات ہوں تو ہم دنیا سمیت ایشیا ء کی سب سے بڑی سائٹ بن سکتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ سیاحت کے فروغ سے جو پیسہ حاصل ہو رہا ہے اس سے ان چیزوں کو مزید بہتر کیا جا سکتا ہے اس حوالے سے قانون بن چکا ہے اور اس پر کام بھی ہو رہا ہے چیف سیکٹری خیبر پختونخواہ اس پر خود کام کررہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ ہم سیاٖحت کے فروغ کے لئے ہر سال چار نئے مقامات کھولیں گے جس سے لوگوں کو سرمایہ بھی حاصل ہو گا اور عام شہریوں کو سہولیات بھی حاصل ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ مذہبی سیاحت کیلئے ہمارے پاس بھمالہ جیسی کئی تہذیبیں موجود ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت کے پیسے سے ہم قرض اتار سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سوئٹزرلینڈ ہم سے چھوٹا ملک ہے اس کا سیاحت کا بجٹ پاکستان کے پورے بجٹ سے زیادہ ہے۔ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کہ بہت سے لوگ نواز شریف سے علیحدگی چاہتے ہیں جس کی وجہ یہ ہے کہ نواز شریف عدلیہ اور اسٹیبیلشمنٹ پر خود کش حملہ کرنا چاہتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ اداروں سے محاذ آرائی سے کچھ حاصل نہیں ہو گا اس سے ملک وقوم کا نقصان ہو گا۔

اس موقع پر چیف سیکرٹری اعظم خان نے بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ صوبہ میں آثارقدیمہ کی بحالی و حفاظت کیلئے صوبہ بھر میں آثارقدیمہ کے مقامات سے تجاوزات کاخاتمہ کررہے ہیں اور اس سلسلے میں بنوں ، پشاور، صوابی اور مردان میں کام جاری ہے ، ہماری کوشش ہے کہ صوبہ کے آثارقدیمہ کی حفاظت کو یقینی بناتے ہوئے آنے والی نسل کیلئے محفوظ کیا جا سکے ،بھمالہ میں بدھا کے انتقال کا منظر اب تک دنیا میں دریافیت ہونے والے آثارمیں سب سے پرانا ہے ، امریکی لیبارٹری کی رپور ٹ کے مطابق یہ تیسری صدی عیسوی سے بھی پرانا ہے جبکہ افغانستان اوروسطی ایشیا ء میں دریافت ہونے والے یہ آثار ساتویں صدی عیسوی میں شمار ہوتے ہیں،واضح رہے کہ بھمالہ کے آثارقدیمہ کی کھدائی سب سے پہلے 1930-31 میں سرجان مارشل کی سرپرستی میں ہوئی ، بھمالہ سائٹ کی افادیت کو مدنظر رکھتے ہوئے محکمہ آثارقدیمہ و عجائب گھر خیبرپختونخوا نے 2014-15 میں اس سائٹ پر شعبہ آثارقدیمہ ہزارہ یونیورسٹی، ڈائریکٹریٹ آف آرکیالوجی اور ویسکانسن یونیورسٹی امریکہ کے تعاون سے کھدائی شروع کی جوکہ 2015-16 میں دوبارہ شروع ہوئی، مذکورہ کھدائیوں کے دوران اہم دریافتیں ہوئیں جن میں کنجور کا بنا ہوا 14میٹر لمبا مہاتما بدھ کے انتقال کا منظرکے آثار، اسٹوپہ (بی) اور چونے کے بتوں سے مزین چھوٹے چینلز کے علاوہ سینکڑوں نوادرات شامل ہیں، اسکے علاوہ ہچونے اور مٹی کے بنے ہوئے بت، تانبے اور چاندی کے سکے اور لوہے کے اوزار شامل ہیںجو تیسری سے پانچویں صدی عیسوی کے ہیں ، پانچویں صدی کے آخر میں کیدار کشان حکومت سفید ہنز حملہ آوروں کے ہاتھوں شکست پذیر ہوئی اور یوں نہ صرف تمام تجارت اور تجارتی شاہراہیں اختتام پذیر ہوئیں بلکہ بھمالہ جیسی خانقاہیں بھی شاہی پرستی سے محروم ہوئیں۔

قبل ازیں عمران خان بھمالہ پہنچے تو چیف سیکرٹری خیبر پختونخواہ اعظم خان اور ڈائریکٹر آرکیالوجی نے ان کا استقبال کیا تحریک انصاف کے راہنما یوسف ایوب خان ،راجہ عامر زمان سمیت دیگر مقامی قائدین بھی موجود تھے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات