ایف پی سی سی آئی الیکشن کیلئے یو بی جی کے امیدوار سامنے آگئے

بدھ 15 نومبر 2017 18:27

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2017ء) یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی ) کی سینٹرل کورکمیٹی نے ایف پی سی سی آئی کے آئندہ انتخابات2018کیلئے غضنفر بلور کو صدر اور مظہراے ناصر کو سینئرنائب صدرکا امیدوارنامزد کردیا ہے۔جبکہ ملک بھر سے چیمبرز اور ایسوسی ایشن کے کوٹے پر بھی نائب صدارت کیلئے امیدوار نامزد کردیئے گئے ہیں تاہم بلوچستان سے نائب صدر کی ایک سیٹ کیلئے امیدوار کی نامزدگی کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

یونائٹیڈ بزنس گروپ کی مرکزی کورکمیٹی کا اجلاس بدھ کو افتخار علی ملک کی رہائشگاہ پر منعقد ہوا۔اجلاس میں یو بی جی کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر،افتخار علی ملک،میاں محمدادریس،مرکزی ترجمان گلزار فیروز،سینیٹر الیاس بلور،خالدتواب،عبدالرئوف عالم، تنویرشیخ،ریاض الدین شیخ،عامرعطاباجوہ،ممتاز شیخ،اختیار بیگ اور دیگر رہنمائوں نے اظہار خیال کیا جبکہ اجلاس میںظفر بختاوری،ملک سہیل حسین،حمید اختر چڈھا، عبدالسمیع خان،محمدفاروق،انجینئر دارو خان،حاجی افضل،ڈاکٹر نعمان بٹ، نور احمد خان،شکیل ڈھینگڑا،مریم چوہدری ،وقار میاں،مسز فطرت بلور،زاہد اللہ شنواری،حاجی افضل،ثمینہ فاضل،طارق صادق اور دیگرممبران شریک تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ساہیوال چیمبر آف کامرس اور بہاولپور چیمبر آف کامرس نے بھی یو بی جی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔یو بی جی کورکمیٹی نے اتفاق رائے سے خیبرپختونخوا سے غضنفر بلور کوفیڈریشن الیکشن2018کیلئے صدارتی امیدوار جبکہ سندھ سے مظہراے ناصر کو سینئرنائب صدرکا امیدوارنامزد کردیا۔نائب صدور کیلئے چیمبرز کے کوٹے پر پنجاب سے عرفان یوسف(پنجاب)جاوید اقبال(کیپٹل ایریا)،محترمہ شبنم ظفر(سندھ) اور عاطف اکرام (کے پی کی) سے نامزد کئے گئے ہیں۔

اسمال چیمبرز کی ایک سیٹ پر فیصل آباد کے محمدشفیق انجم کو نائب صدر کا امیدوار بنایا گیا ہے ۔یسوسی ایشنز کے کوٹے پر وحید احمد(فروٹس اینڈ ویجیٹیبل)،زاہد سعید(فارما)طارق حلیم (شپنگ)اور کریم عزیز (ری رولنگ)سے نائب صدارت کیلئے امیدوار ہونگے ۔یو بی جی کے ترجمان گلزار فیروز نے بتایا کہ گروپ کے اجلاس میں تمام تر فیصلے اتفاق رائے سے کئے گئے۔

اجلاس میں کورکمیٹی نے فیڈریشن کے آئندہ انتخابات میں ایف پی سی سی آئی کے موجودہ عہدیداران بالخصوص صدر زبیرطفیل کی خدمات کو سراہا گیا اور یو بی جی لیڈران پر اعتماد کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے افتخار علی ملک نے کہا کہ فیڈریشن سے ہم نے کرپشن اور بدعنوانیوں کا خاتمہ کیا ہے اور آئندہ بھی جب کبھی لوٹ مارکرنے والے فصلی بٹیرے یکجا ہونگے انہیں آئینہ دکھایا جائے گا،یو بی جی کو الیکشن جیتنے سے کوئی طاقت نہیں روک سکتی کیونکہ ہم جمہوری انداز میں الیکشن لڑتے ہیں پچھلے دروازوں سے اقتدار حاصل نہیں کرتے ۔

انھوں نے کہا کہ یو بی جی میں جمہوری ماحول ہے جہاں تمام فیصلے باہمی رضامندی سے کئے جاتے ہیں، ہمارے ساتھ فیڈریشن میں مزید لوگ شامل ہورہے ہیں اور ہمارے گروپ کی طاقت مزید مضبوط ہورہی ہے۔یو بی جی کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر نے کہا کہ ہمارے گروپ کے مقابل بظاہر کمزور اپوزیشن ہے لیکن ہم الیکشن بھرپور اورمضبوط انداز میں لڑیں گے، ہم رنگ ونسل اور زبان سے بالاتر رہ کر بزنس کمیونٹی کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں اور مستقبل میں بھی کاروباری برادری کے مسائل حل کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش جاری رکھی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :