زرعی ماہرین نے کھڑی کپاس میں گندم کی کاشت کا طریقہ جاری کر دیا

بدھ 15 نومبر 2017 18:16

لاہور۔15 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2017ء)زرعی ماہرین نے کھڑی کپاس میں گندم کی کاشت کا طریقہ جاری کر دیا ،کاشتکار مجوزہ طریقہ پر عمل کر کے ریکارڈ پیداوار حاصل کر سکتے ہیں،پنجاب میں کاشت کی جانے والی کل گندم کا30فیصدسے زیادہ رقبہ کپاس کی کاشت کے مرکزی علاقوں میں کیا جاتا ہے، کپاس کی آخری چنائی کرنے کے بعدجو گندم کاشت کی جاتی ہے وہ اکثر پچھیت ہوجاتی ہے اس صورت میںکپاس کے علاقوں میں بروقت گندم کاشت کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ کھڑی کپاس میں60 کلوگرام بیج کادوہرا چھٹہ کرکے پانی لگایاجائے ۔

گندم کا یکساں اگائو ہونے پر اس طریقہ سے بروقت کاشتہ گندم کی پیداوار زمین تیار کر کے کاشت کی گئی گندم کے مقابلہ میں زیادہ حاصل ہوتی ہے۔ کھڑی کپاس کے ہر کھیت میں زمینی ساخت مختلف ہونے کی وجہ سے اس طریقہ سے تمام کھیتوں میں گندم کاشت نہیں کی جاسکتی۔

(جاری ہے)

کھڑی کپاس میں گندم کاشت کرنے کے دوران کاشتکار ان سفارشات پر عمل کریں۔کپاس ڈرل سے کاشت کی گئی ہوتو پٹڑیوں یا کھیلیوں پر کاشتہ فصل کے مقابلہ میںاس طریقہ سے گندم کاشت کرنے میں زیادہ فوائد حاصل ہوتے ہیں۔

چھوٹے قد والی کپاس کی اقسام میں اس طریقہ سے کاشہ گندم کی کامیابی کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں، جن کھیتوں میں اس طریقہ سے گندم کاشت کرنی ہو توکپاس کے کھیت کو شروع سے جڑی بوٹیوں سے پاک رکھیں۔ جس کھیت میںکھڑی کپاس میں گندم کاشت کرنی ہو وہاںایک ماہ قبل اس کی آبپاشی روک دیں۔اس طرح ایسی خشک زمین میں کیچڑاچھی طرح بن جاتاہے۔ اچھے کیچڑ یا گپ والی نرم زمین میں بیج کا اگائو بہتر ہوتاہے۔