عبد السمیع خان کی سیاسی وسماجی زندگی مشعل راہ و قابل تقلید ہے ، گورنر سندھ

سیاست برداشت اور صبرو تحمل کا دوسرا نام ہے،طویل سیاسی وسماجی خدمات کااحاطہ کرنا نہایت مشکل ہے، محمد زبیرکا کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب

بدھ 15 نومبر 2017 18:14

عبد السمیع خان کی سیاسی وسماجی زندگی مشعل راہ و قابل تقلید ہے ، گورنر ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 نومبر2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ عبد السمیع خان ایک زیرک، تجربہ کار اور متعدل مزاج سیاستدان ہیں جن کی خدمات اور طویل سیاسی جدوجہد، سیاست کے طالب علموں کے مشعل راہ اور قابل تقلید ہے ، عبد السمیع خان جیسے سیاستدانوں کے بارے میں کچھ کہنا سورج کو چراغ دکھانے کے مترادف ہے ،ان کی 50 برس کی طویل سیاسی وسماجی خدمات کااحاطہ کرنا نہایت مشکل ہے۔

ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے گورنر ہائوس میں معروف سیاست دان بزنس مین اور سماجی کارکن عبد السمیع خان کی سوانح عمری کی کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب میں کیا ۔ اس موقع پر وفاق ایوان صنعت و تجارت پاکستان (FPCCI)کے صدر زبیر طفیل ، معروف صنعت کار ایس ایم منیر ، خالد تواب ، مرزا اختیار بیگ ، مرزا اشتیاق بیگ ، معروف قلم کارمحمود شام ، نصرت مرزا سمیت دیگر صنعت کار ، تاجر اور سیاسی شخصیات سمیت عمائدین شہر کی بڑی تعداد بھی موجود تھی ۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ سیاست برداشت اور صبرو تحمل کا دوسرا نام ہے،اچھا سیاستدان عوام کی خدمت کے لئے نہ صرف شب و روز محنت کرتا رہتا ہے بلکہ وہ خود کو عوام کے فلاح وبہبود کے کاموں کے لئے وقف کردیتا ہے ، یہ تمام صفات عبد السمیع خان میں نہ صرف واضح ہیں بلکہ ان کی زندگی ان کا عملی نمونہ بھی ہے کیونکہ انہوں نے اپنی ساری زندگی عوام کی فلاح و بہبودکے کاموں کے لئے وقف کررکھی ہے، شائع ہونے والی کتاب میں عبد السمیع خان کی سیاسی زندگی میں رونما ہونے والے چیدہ چیدہ واقعات ، معاشرتی نا ہمواریوں کے خاتمہ کے لئے کی جانے والی عملی جدوجہد میں حائل رکاوٹوں اور درپیش مشکلات سے نبر د آزما ہونے کے لئے سیاسی تدبر اور حکمت عملی اور حاصل نتائج کے بارے میں سیر حاصل معلومات نوجوان نسل کے لئے ایک نادر و نایاب تحفہ ہے جس سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے سے ایک طالب علم سیاست کو بہتر انداز میں سمجھ سکتا ہے کیونکہ کتاب میں 50 برس کے تجربہ پر مشتمل ایک سبق آموز نصیحت ، پراثر جدوجہد کے اتار چڑھائو کے دائو پیج اور سیاسی طریقہ سے عوامی مسائل کے حل تفصیلی تحریر ہیں اس کے ساتھ ساتھ کتاب میں سیاسی جدوجہد، مشکلات ، حائل رکاوٹوں ،ناہمواریوں اور تلخ حقائق سے آگاہی حاصل کی جا سکتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوری دور کبھی بھی تسلسل سے جاری و ساری نہیں رہا یہی وجہ ہے کہ جمہوریت کے تسلسل میں حائل رکاوٹوں کے باعث سب سے زیادہ نقصان ملک و قوم کو اٹھانا پڑا ،دوسری جانب معاشرہ میں عدم برداشت کے رویہ کے پروان چڑھنے کی وجہ سے اختلا ف برائے اصلاح کی بجائے اختلاف برائے اختلاف کو ترجیح دی جانے لگی لیکن ہمارے اس معاشرہ میں عبد السمیع خان جیسے زیرک ، تجربہ کار اور متعدل مزاج سیاست دان بھی ہیں جنھوں نے ہمیشہ سیاست سے تشدد کے خاتمہ اور افہام و تفہیم سے معاملات کو آگے بڑھانے کے لئے سیاستدانوں کو نہ صرف سمجھایا بلکہ عملی جدوجہد بھی کرتے رہے ،کتاب میں اس تجرباتی زندگی کو بڑی خوبصورتی سے پیش کیا گیا ہے ، اس کتاب کا اردو میں بھی ترجمہ ہونا چاہئے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ کتاب کا مطالعہ کرسکیں ۔

عبد السمیع خان نے اس موقع پر تقریب سے خطاب میں کہا کہ انہوں نے 5 دہائیوں کے دوران مختلف حکومتوں کو نہایت قریب سے دیکھا ، قومی قیادت سے قریبی ربط و تعلق کے باعث کئی ملکی واقعات کے وہ عینی شاہد بھی ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی کتاب کا مقصد نوجوانوں کی رہنمائی ہے تاکہ وہ عملی زندگی میں درپیش چیلنجز کا زیادہ بہتر طریقہ سے مقابلہ کرسکیں ۔ تقریب سے خطاب میں مقررین نے عبد السمیع خان کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان جیسے فعال اور تجربہ کار افراد کی جانب سے اپنے تجربات کو ضبط تحریر میں لانا نہایت خوش آئند بات ہے ۔

متعلقہ عنوان :