سموگ کی آڑ میں بند انڈسٹریل یونٹس فوراً کھولے جائیں‘ لاہور چیمبر

روزانہ اٴْجرت پر کام کرنے والے مزدور بے روزگار ہوگئے ہیں ،حکومت کو بھی محاصل کی مد میں بھاری نقصان ہورہا ہے

بدھ 15 نومبر 2017 18:04

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 نومبر2017ء) لاہور چیمبر کے قائم مقام صدر ذیشان خلیل نے وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف پر زور دیا ہے کہ وہ سموگ کی آڑ میں بند کیے گئے انڈسٹریل یونٹس فورا کھولنے کے احکامات صادر کریں کیونکہ اس سے روزانہ اٴْجرت پر کام کرنے والے ہزاروں مزدور بے روزگار ہوگئے ہیں جبکہ حکومت کو بھی محاصل کی مد میں بھاری نقصان ہورہا ہے۔

ایک بیان میں لاہور چیمبر کے قائم مقام صدر نے کہا کہ سموگ کی الزام عائد کرکے صنعتوں کو بند کرنا سراسر ناانصافی ہے کیونکہ یہ سموگ یا آلودگی کی ذمہ دارنہیں، متعلقہ اداروں نے ماحولیاتی آلودگی کے ذمہ دار اصل عوامل کو تلاش اور سدباب کرنے کے بجائے تمام ذمہ داری انڈسٹریل یونٹس پر عائد کردی۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر پہلے بھی بارہا نشاندہی کرچکا ہے کہ بارش میں تاخیر، گاڑیوں کی بڑھتی ہوئی تعداد اور درختوں کی کٹائی ماحولیاتی آلودگی کے بڑے ذمہ ہیں جن سے صنعتوں کا کچھ لینا نہیں لیکن تمام ملبہ صنعتوں پر گرا دیا گیا۔

(جاری ہے)

لاہور چیمبر کے قائم مقام صدر نے کہا کہ روزانہ اجرت پر کام کرنے والے مزدور فاقہ کشی کا شکار ہیں لہذا وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف بند صنعتوں کو فوری طور پر کھولنے کے احکامات صادر کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماحولیات سے متعلق عوام میں شعور و آگاہی پیدا کرنے کے لیے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سیمینارز اور ورکشاپس کے انعقاد سمیت ہر ممکن قدم اٹھانے کو تیا ر ہے۔

متعلقہ عنوان :