آخری ایشز وارم اپ میچ، کرس ووکس کی تباہ کن بائولنگ، کرکٹ آسٹریلیا الیون نے انگلینڈ الیون کے خلاف پہلی اننگز میں 9 وکٹوں پر 249 رنز بنا لئے، میتھیو شارٹ کی ففٹی، ووکس کی 6 وکٹیں

بدھ 15 نومبر 2017 16:56

ٹائونسول۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2017ء) کرکٹ آسٹریلیا الیون نے ایشز سیریز کے آخری چار روزہ وارم اپ میچ میں انگلینڈ الیون کے خلاف پہلے روز کھیل کے اختتام تک اپنی پہلی اننگز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 249 رنز بنا لئے، کپتان میتھیو شارٹ 51 رنز بنا کر نمایاں رہے، انگلش فاسٹ بائولر کرس ووکس نے تباہ کن بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف ٹیم کے 6 کھلاڑیوں کو نشانہ عبرت بنایا۔

(جاری ہے)

بدھ کو ٹائونسول میں شروع ہونے والے چار روزہ میچ میں کرکٹ آسٹریلیا الیون کے کپتان میتھیو شارٹ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو نک لارکن اور جیک کارڈر نے ٹیم کو 66 رنز کا آغاز فراہم کیا یہاں پر لارکن 30 رنز بنا کر ووکس کی گیند پر کیچ آئوٹ ہو گئے، 75 کے سکور پر کارڈر بھی 39 رنز بنانے کے بعد ووکس کی گیند کا نشانہ بنے، دونوں اوپنرز کے آئوٹ ہونے کے بعد کرکٹ آسٹریلیا الیون کے کھلاڑی بڑی پارٹنرشپ قائم کرنے میں ناکام رہے، ووکس نے تباہ کن بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف بلے بازوں کو سنبھل کر کھیلنے کا موقع نہ دیا اور وہ یکے بعد دیگرے وکٹیں گنواتے رہے، کپتان میتھیوشارٹ 51 رنز بنا کر نمایاں رہے، اسطرح پہلے روز جب کھیل ختم ہوا تو کرکٹ آسٹریلیا الیون نے اپنی پہلی اننگز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 249 رنز بنا لئے تھے، گبسن 7، پیوکوسکی 20، سانگھا صفر، نیلسن 20، مائیلنکو 19 اور سندھو 25 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، فالنز 29 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، کرس ووکس نے 6 اوورٹن نے 2 اور براڈ نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

متعلقہ عنوان :