زبیر طفیل دس رکنی وفد کے ہمراہ ترکی روانہ

ای سی او ممالک کے مابین تجارت بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں،صدر ایف پی سی سی آئی

بدھ 15 نومبر 2017 16:43

زبیر طفیل دس رکنی وفد کے ہمراہ ترکی روانہ
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 نومبر2017ء) فیڈریشن آف پا کستا ن چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈ سٹر ی کے صدرزبیر طفیل دس رکنی وفد کے ہمراہ ترکی روانہ ہو گئے جہاں وہ ای سی او چیمبر آف کامرس اینڈ اندسٹری کی ایگزیکٹو کمیٹی کی 23 ویں میٹنگ میں شرکت کریںگے۔ وفد ای سی او ممالک کے مابین تجارت بڑھانے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لے گا اور ان میں بہتری کیلئے سفارشات پیش کرے گا۔

اس وقت ای سی او ممالک کی باہمی تجارت اڑتالیس ارب ڈالر کے لگ بھگ ہے جبکہ انہی ممالک کی دنیا کے دیگر ممالک سے تجارت 625 ارب ڈالر ہے جو عالمی تجارت کا تقریباً دو فیصد ہے۔ ترکی کے شہر انقرہ میں ستری نومبر کو ہونے والی اس میٹنگ میں پاکستان کے علاوہ ایران، ترکی، افغانستان، آزربائیجان، کازقستان، کرغزستان، تاجکستان، ترکمانستان اور ازبکستان کے وفاقی چیمبروں کے نمائندے شرکت کر رہے ہیں جبکہ اسکی میزبانی ترکی کا وفاقی چیمبر کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

ترکی روانگی سے قبل زبیر طفیل نے کہا کہ پوری دنیا میں سیاسی اور معاشی تبدیلیوں کا عمل جاری ہے اور بہت سے علاقائی تجارتی بلاکوں میں باہمی تجارت بہت بڑھ گئی ہے مگر ای سی او میں اب تک ایسا نہیں ہوا ہے جو تشویشناک ہے۔ انھوں نے کہا کہ وسط ایشیائی ممالک میں ہائیڈروالیکٹرک پاور کی پیداوار اور ایکسپورٹ کے بھرپور امکانات ہیں جبکہ پاکستان افغانستان توانائی کی کمی کا شکار ہیں، پاکستان وقازقستان زرعی مصنوعات کے ایکسپورٹرز ہیں جبکہ ایران اور ترکی ان زرعی اشیا کے امپورٹرزہیں۔

اگر رکن ممالک کے درمیان باہمی تعاون اور پیداواری صلاحیت کو بڑھایا جائے تو یہ توانائی اور زرعی مصنوعات کی ایکسپورٹ کے حوالے سے ایک طاقتور بلاک بن سکتا ہے۔ بلاک میں معاشی اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے آسان ویزا پالیسی اور بینکنگ کی سہولتیں بنیادی حیثیت رکھتی ہیں۔

متعلقہ عنوان :