ملکی معیشت کی بہتری کیلئے بین الاقوامی ڈیبٹ مارکیٹ میں بانڈ جاری کرنے سے قبل مارکیٹ کا تفصیلی سروے کیا جائے، میاں زاہد حسین

بدھ 15 نومبر 2017 16:33

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2017ء) پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م کے صدر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کی بہتری کیلئے بین الاقوامی ڈیبٹ مارکیٹ میں بانڈ جاری کرنے سے قبل مارکیٹ کا تفصیلی سروے کیا جائے جبکہ اس کے حجم میں ضرورت کے مطابق کمی بیشی کی گنجائش رکھنے کی بھی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

بدھ کو یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ملکی و غیر ملکی قرضوں پر ضرورت سے زیادہ انحصار نہیں ہونا چاہیے اس لئے اصلاحات پر بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے ، اس سلسلے میں معاشی ترقی کیلئے دی گئی سفارشات کو عملی جامہ پہنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ مالی سال کے ابتدائی چار ماہ میں برآمدات میں 10 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ خدمات کے شعبہ میں 6 فیصد ترقی کی ہے جو خوش آئند ہے مگر ساتھ ہی درآمدات اور تجارتی خسارہ کے حوالے سے بھی موثر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پیکج کے نتیجے میں برآمدات میں اضافہ ہوا ہے۔