قومی ہاکی ٹیم کی ناقص کارکردگی ،پی ایچ ایف کا ٹیم مینجمنٹ تبدیل کرنے فیصلہ

بدھ 15 نومبر 2017 16:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 نومبر2017ء) پاکستان ہاکی ٹیم کی مسلسل ناقص کارکردگی کے بعد نت نئے تجربات کرنے والی پی ایچ ایف نے موجودہ ٹیم مینجمنٹ کوبھی تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔آسٹریلیا میں اختتام پذیر ہونے والے چار قومی ہاکی فیسٹیول میں اپنے چاروں میچز میں ناکامی سے دوچار ہونے والی قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کا ملبہ ٹیم مینجمنٹ پر ڈالنے کا فیصلہ کرلیا گیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش کے شہرڈھاکا میں منعقدہ ایشیا کپ میں تیسری پوزیشن کی صورت برانز میڈل جیتنے والی پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور منیجر اولمپئن فرحت خان کے ساتھ کوچز اولمپئن ملک شفقت اوراولمپئن محمد سرورکو پہلے ہی فارغ کرنے کا طے کرلیا گیا تھا۔

قومی سلیکشن کمیٹی کوعضو معطل بناتے ہوئے ٹرائلزکے بغیر ہی تشکیل دی جانے والی پاکستان ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کوچارملکی ایونٹ میں سخت ذہنی دباو کا سامنارہا، بار بار تبدیلیاں کھلاڑیوں میں ذہنی ہم آہنگی پیدا نہ کرسکیں جبکہ دوران میچز پی ایچ ایف کے صدر بریگیڈیئر(ر) خالدکھوکھر اور سیکریٹری اولمپئن شہباز سینئر کے ساتھ موجود چیف سلیکٹر اولمپئن حسن سردار، سلیکٹر اولمپئن ایاز محمود، اولمپئن اصلاح الدین اور اولمپئن قمرابراہیم سمیت دیگر کی موجودگی نے غیر ملکی ٹیموں سے خوف کا شکار کھلاڑیوں کو مزید ذہنی دباو میں مبتلا کردیا اور وہ ناکامیوں میں ڈوبتے چلے گے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب سابق چیف سلیکٹراورقومی ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ ومنیجر اولمپین حنیف خان کا کہنا ہے کہ پی ایچ ایف حکام ہوش کے ناخن لیں اور دوستوں کو نوازنے کا سلسلہ روک دیں ورنہ عالمی ہاکی میں پاکستان مزید پستی کا شکار ہوجائے گا۔

متعلقہ عنوان :