پاکستان نے آپریشن ضرب عضب کے ذریعہ انسداد دہشت گردی میں کامیابی حاصل کی

وزیر دفاع انجینئر خرم دستگیر خان کی اقوام متحدہ کے انڈر سیکریٹری جنرل برائے فیلڈ سروسز اتل کھارے سے ملا قات میں گفتگو

بدھ 15 نومبر 2017 15:51

پاکستان نے آپریشن ضرب عضب کے ذریعہ انسداد دہشت گردی میں کامیابی حاصل ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2017ء) وزیر دفاع انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ پاکستان نے آپریشن ضرب عضب کے ذریعہ انسداد دہشت گردی میں کامیابی حاصل کی، پاکستان کی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے تربیت اور اعلیٰ مہارت اقوام متحدہ کے لئے موجود ہے جو قیمتی وسائل کی حامل ہیں۔ یہ بات انہوں نے اقوام متحدہ کے انڈر سیکریٹری جنرل برائے فیلڈ سروسز اتل کھارے سے ملا قات کے دوران کہی۔

(جاری ہے)

یہ ملاقات انہوں نے وینکوور، کینیڈا میں اقوام متحدہ کی دفاع اور قیام امن کے وزارتی اجلاس کے موقع پر کی۔ وزیر دفاع نے انہیں بتایا کہ قیام امن میں خواتین کی شمولیت میں اضافہ کرنے کیلئے بھی پاکستان کا میابی سے کوشاں ہے۔ اقوام متحدہ کے انڈر سیکریٹری جنرل نے اقوام متحدہ کے قیام امن میں پاکستان کی تاریخی شراکت کو سراہا جو 1960ء سے جاری ہے اور اس میں 140 فوجیوں نے جانوں کی قربانی دی۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کیلئے پاکستان کی اعلیٰ درجے کی لاجسٹکس اور تربیتی سہولیات کی تعریف کی۔ وزیر دفاع، دفاعی کانفرنس کے آخری دن دو بار خطاب کریں گے۔ گزشتہ چھ دہائیوں میں پاکستان نے اقوام متحدہ کے 45 مشنز میں 180,000 فوجی 28 مختلف ممالک میں بھیجے ہیں۔