ایکسپو پاکستان میں1ارب ڈالر کے تجارتی معاہدے خوش آئند ہیں‘میاں خرم الیاس

مفاہمتی یادداشتوںپر دستخط اور آٹو سیکٹر میں مشترکہ منصوبہ پر پیش رفت سے صنعتی شعبہ ترقی کرے گا،صنعتی نمائشیں ملکی مصنوعات کی برآمدات اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ کا باعث ہیں‘سابق وائس چیئرمین لاہور ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن

بدھ 15 نومبر 2017 15:23

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 نومبر2017ء) تاجر راہنما و سابق وائس چیئرمین لاہور ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن میاں خرم الیاس نے پاکستان ایکسپو2017صنعتی نمائش میں 1ارب ڈالر کے تجارتی معاہدوں کو خوش آئند قرا ر دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ معاہدے آئندہ سال پایہ تکمیل تک پہنچیں گے ایکسپو پاکستان میں4مفاہمتی یادداشوں پر دستخط اور آٹو سیکٹر میں مشترکہ منصوبوں پر پیش رفت سے صنعتی شعبہ ترقی کرے گا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

میاں خرم الیاس نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے پاکستان میں آٹوموبائل، انفراسٹرکچر،واٹر مینجمنٹ ،لاجسٹکس ،شپنگ،انرجی کے دوبارہ استعمال کے بارے میں کئی معاہدے ہوئے ہیں انہوںنے کہا کہ اس طرح کی صنعتی نمائشیں ملکی مصنوعات کی برآمدات اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ کا باعث ہیں۔

انہوںنے کہا کہ نئی تجارتی پالیسی میں مختص رقم کو بروئے کار لاکر اندرون ملک کے ساتھ ساتھ بیرون ملک بھی اسی قسم کی صنعتی نمائشوں کا اہتمام کیا جائے تاکہ پاکستان میں تیار ہونے والی مصنوعات کی بیرون ملک کھپت میں اضافہ سے ملک وخوشحالی و ترقی کی راہوں پر گامزن ہوسکے اور حکومت کو بیرونی اداروں سے قرضوں سے بھی نجات مل جائے۔