بھاشا ڈیم کی تعمیر کو سی پیک سے نکالنے کے بعد مقامی وسائل سے اس کی تعمیر کی جائے ‘راجہ وسیم حسن

بدھ 15 نومبر 2017 15:23

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 نومبر2017ء) تاجر رہنما وانجمن تاجران لوہا مارکیٹ شہید گنج (لنڈا بازار)لاہورکے نائب صدرراجہ وسیم حسن نے بھاشا ڈیم کی تعمیر کے سلسلہ میں بیجنگ کی پروجیکٹ کی ملکیت سمیت سخت شرائط پر اسے سی پیک منصوبے سے نکالنے پر تشویش کا اظہا ر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اپنے مقامی وسائل سے بھاشا ڈیم کی تعمیر شروع کرے،کالا باغ ڈیم سمیت بھاشا ڈیم اور بڑے آبی ذخائر کی بروقت تعمیر نہ ہونے سے توانائی بحران شدید اور لوڈ شیڈنگ میں اضافہ ہوا ،پانی کی ضروریات اور توانائی بحران کے خاتمہ کیلئے بھاشا ڈیم کی تعمیر کا فوری آغاز کیا جائے ان خیالات کا اظہار انہوںنے لوہا مارکیٹ کے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

راجہ وسیم حسن نے کہا کہ بھاشا ڈیم کی تعمیر پر ملکی مفادات کو ملحوظ خاطر رکھا جائے اور بھاشا ڈیم کی مالی معاونت کیلئے پروجیکٹ کی ملکیت کے حصول، آپریشن و مرمتی لاگت اور سیکیورٹائزیشن سے متعلق شرائط کو قبول نہ کرکے احسن فیصلہ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ملک میں پانی کی قلت کے خاتمہ اور نئے ذخائر کی تعمیر ،پانی کی ضروریات اور توانائی بحران کے خاتمہ کیلئے بھاشا ڈیم سمیت کالا باغ ڈیم اور دیگر منصوبوں کی تعمیر کا فوری آغاز کیا جائے کیونکہ ان ڈیموںسے پانی کی ضروریات کے ساتھ ساتھ سستی بجلی کا حصول ممکن ہوگا جس سے صنعتی شعبہ ترقی کرے گا۔