کشمیری امت مسلمہ کا حصہ ہونے کے ناطے امت سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ کشمیریوں کو حق دلانے میں کردار ادا کرے گی ‘ ہندوستان کشمیریوں کو مسلمان ہونے کی سزا دے رہا ہے ‘عالمی اداروں کی خاموشی ہندوستان کو مقبوضہ کشمیر کے اندر مزید مظالم ڈھانے کی شہ دے رہی ہے ،ترکصدر طیب رجب اردگان اور اہل ترکی سے کشمیری خصوصی توقع رکھتے ہیں کہ وہ عالمی سطح پر کشمیریوں کے بنیادی حق حق خودارادیت کی نہ صرف حمایت کریں گے بلکہ یہ حق دلانے میں اہم کردارادا کریں گے

کنونیئر کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل ممبر قانون ساز اسمبلی و سابق امیرجماعت اسلامی عبدالرشید ترابی کا عالمی کانفرنس سے خطاب

بدھ 15 نومبر 2017 15:10

استنبول(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 نومبر2017ء) کنونیئر کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل ممبر قانون ساز اسمبلی و سابق امیرجماعت اسلامی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ کشمیری امت مسلمہ کا حصہ ہونے کے ناطے امت سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ کشمیریوں کو ان کا حق دلانے میں اپنا کردار ادا کرے گی ،ہندوستان کشمیریوں کو مسلمان ہونے کی سزا دے رہا ہے اور عالمی اداروں کی خاموشی ہندوستان کو مقبوضہ کشمیر کے اندر مزید مظالم ڈھانے کی شہ دے رہی ہے ،ترکی کے صدر طیب رجب اردگان اور اہل ترکی سے کشمیری خصوصی توقع رکھتے ہیں کہ وہ عالمی سطح پر کشمیریوں کے بنیادی حق حق خودارادیت کی نہ صرف حمایت کریں گے بلکہ یہ حق دلانے میں اہم کردارادا کریں گے ،طیب اردگان اس وقت امت کی حقیقی ترجمانی کررہے ہیں ،ترکی عالمی کشمیر کانفرنس کی میزبانی کرے ،ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا رہا ہے ،ان خیالات کااظہار انہوں نے نجم الدین اربکان کے قائم کردہ ادارے ایسام کی 26ویں تاسیس کے موقع پر عالمی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،واضح رہے کہ ایسام ہر سال امت کے مسائل اور ان کے حل کے لیے عالمی کانفرنس کا انعقاد کرتا ہے جس میں دنیا بھر سے اسلامی تحریکوں کے سربراہان،اہل دانش،سرکاری اور نیم سرکاری عہدہ داران،شریک ہو کر اپنے قیمتی مشورے دیتے ہیں اور امت کے حوالے سے ایک لائحہ عمل طے کیا جاتا ہے ،کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہاکہ اسلامی ممالک متحد اور متفق ہو کر اپنے مسائل کی طر ف توجہ دیں توہمارے سارے مسائل حل ہوسکتے ہیں 56اسلامی ممالک ان کے عوام ،فوج ،وسائل ،یکجاں ہو جائیں تو یہ سپر پاور بن سکتے ہیں انہوں نے کہاکہ ہماری نا اتفاقی اور اندروانی اختلافات کی وجہ سے دشمن ہم پر غالب ہے انہوں نے کہاکہ کشمیر اور فلسطین امت کے دیرنہ مسائل ہیں ان کے حل کے لیے پوری امت کو مل کر جدوجہد کرنی ہو گی ہندوستان اور اسرائیل کے عزائم عیاں ہو چکے ہیں پاکستان سمیت مشرق وسطیٰ میں ہندوستان اور اسرائیل کی تخریب کاری کھل کر سامنے آچکی ہے اس حوالے سے امت کو بھی صف بندی کرنی ہوگی انہوں نے کہاکہ کشمیری اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنے پیدائشی اور بنیادی حق کے لے جدوجہد کررہے ہیں عالمی برادری نے کشمیریوں سے عہد کیا تھا کہ وہ رائے شماری کے ذریعے کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا موقع دے گی لیکن 70سال گزرنے کے باوجود عالمی برادری اور اقوام متحدہ کشمیریوں کو اپنا حق نہ دلا سکی جو اقوام متحدہ کی ناکامی ہے انہوں نے کہاکہ مشرقی تیمور ،جنوبی سوڈان پر تو فوراً قراردادیں پاس کر کے انہیں علحیدہ کر دیا گیا لیکن کشمیر اور فلسطین 70سالوں سے تڑپ رہے ہیں اور انسانوں کا خون پانی کی طر ح بہایا جارہا ہے اس موقع پر عبدالرشید ترابی نے کہاکہ پوری امت کو ایک ہونا ہو گا باہمی اختلافات ختم کرنے ہوں گے ایک ایجنڈے پر جمع ہو کر اپنے عوام کے مسائل حل اور مقبوضہ علاقے آزاد کروانے ہوں گے انہوں نے کہاکہ ترکی نے ہمیشہ قائدانہ کردار ادا کیا ہے کشمیریوں کو امید ہے کہ وہ اب بھی قائدانہ کردار ادا کریں گے انہوں نے کہاکہ استاد نجم الدین اربکان کے قائم کر دہ اس ادارے نے ہمیشہ امت کے مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کیا ہے اور امید ہے کہ آگے بھی کرتا رہے گا ۔