رورل ڈیویلپمنٹ پیکج اور خادم پنجاب صاف دیہات پروگرام کا آغاز

بدھ 15 نومبر 2017 15:06

سرگودھا۔15 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2017ء) صوبہ بھر کے دیگر اضلاع کی طرح ضلع سرگودہا میں بھی وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایات کے تحت رورل ڈیویلپمنٹ پیکج اور خادم پنجاب صاف دیہات پروگرام کا آغاز ہو چکاہے ۔ اس پروگرام کے تحت ضلع سرگودہا کی 185یونین کونسل میں فی یونین کونسل 25لاکھ روپے جبکہ یونین کونسل کے وارڈز میں پانچ لاکھ روپے کی ترقیاتی سکیموں کی نشاندہی کا عمل شروع ہو چکاہے ۔

اس طرح ضلع سرگودہا میں اس پروگرام پر پچاس کروڑ ساٹھ لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں ۔ اس پروگرام کے لئے سکیموں کی نشاندہی کے لئے 18 نومبر کی ڈیڈ لائن دے دی گئی ہے جبکہ سکیموں کیلئے فنڈز 25نومبر کو جاری کر دیئے جائیں گے ۔ سکیموں کی تکمیل کیلئے فروری 2018ء کی ڈیڈ لائن دے دی گئی ہے او رسکیموں پر کام کی رفتار کو ہنگامی بنیادوں پر پایہ تکمیل تک پہنچانے، کوالٹی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کرنے اور بوگس سکیموں کی کڑی نگرانی کی جائیگی۔

(جاری ہے)

اس امر کا انکشاف ڈپٹی کمشنر لیاقت علی چٹھہ کی زیر ِصدارت اجلاس میں کیاگیا ۔ اجلاس میں میئر میونسپل کارپوریشن ملک اسلم نوید ‘ چیئر مین ضلع کونسل سردار عاصم شیر میکن ‘ ڈپٹی میئر بلال خان ‘ اے ڈی سی( ریونیو )طارق خان نیاز ی، اے ڈی سی( فنانس اینڈ پلاننگ )ماریہ طارق، ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ شفیق الرحمان نیازی ‘ ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ چوہدری محمد حنیف ‘ اسسٹنٹ کمشنرز ‘ چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن راناجمیل اختر ‘ چیف آفیسر ضلع کونسل اسد اللہ ہریا اور چیف آفیسرز میونسپل کمیٹیز نے شرکت کی۔

انہوںنے بتایا کہ صوبائی ‘ ضلعی او رتحصیل سطح پر کمیٹیوں کے قیام کانوٹیفکیشن جاری ہو چکاہے ۔ اس پروگرام کے تحت سکیمیں اسسٹنٹ کمشنرز کی طرف سے سٹیرنگ کمیٹی کی وساطت سے ضلعی ترقیاتی کمیٹی سے منظور کی جائیں گی ۔ ایک یونین کونسل کی مختلف سکیموں پر مشتمل ایک ہی سکیم کا پی سی ون منظور کیاجائے گا۔سکیموںمیں نالیاں ‘ سولنگ ‘ لائٹس اور دیگر منصوبے شامل ہوںگے ۔ زیادہ سکیمیں میونسپل کمیٹیوں سے لی جائیں گی او رانہیں اداروں کے ذریعے پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے لائحہ عمل تیار کر لیا گیاہے ۔ جن سکیموں کی بروقت نشاندہی نہ ہو ئی تو ان کے فنڈز روک لئے جائیں گے یا ایسی سکیموں کی نشاندہی ڈپٹی کمشنر آفس کو کرنے کا اختیار حاصل ہو گا ۔

متعلقہ عنوان :