قوم کے اربوں روپے کھانے والوں کو کوئی ہاتھ نہیں لگاتا- چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 15 نومبر 2017 13:47

قوم کے اربوں روپے کھانے والوں کو کوئی ہاتھ نہیں لگاتا- چیف جسٹس سندھ ..
 کراچی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔15نومبر۔2017ء) چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ احمد علی شیخ نے قراردیا ہے کہ قوم کے اربوں روپے کھانے والوں کو کوئی ہاتھ نہیں لگاتا 2,2 لاکھ روپے کی کرپشن کرنے والوں کو پھانسی پرلٹکا دیں؟۔سندھ ہائی کورٹ میں ضلع خیرپورمیں ڈرینج اورسی سی بلاک کی 613 اسکمیوں کے نام پر1 ارب 70 کروڑروپے کی کرپشن کی سماعت ہوئی، ایگزیکیوٹو انجنیئر احمد، سیف اللہ میمن اور دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔

نیب تفتیشی افسر نے عدالت کوبتایا کہ ایگزیکٹیو انجنیئراحمد ابڑو نوٹس کے باوجود شامل تفتیش نہیں ہورہے، جن ملزموں کی 2 لاکھ روپے کی کرپشن کی ہے وہ بھی پیش نہیں ہوتے۔ چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ احمد علی شیخ نے ریمارکس دیئے کہ کیا اب 2,2 لاکھ روپے کی کرپشن کرنے والوں کو پھانسی دیں گے؟ جو قوم کے اربوں روپے کھاگئے انہیں تو کوئی ہاتھ نہیں لگاتا، جوافسرشامل تفتیش نہیں ہوتا اس کو جیل بھیج دیا جائے۔

(جاری ہے)

نیب تفتیشی افسرکی جانب سے کہا گیا کہ ملزموں نے جوترقیاتی کام کیے وہ چند دنوں میں ہی خراب ہوگئے، ملزموں نے سرکاری افسران کی ملی بھگت سے منصوبوں میں ناقص میٹریل استعمال کیا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ یہ شہرآپ کے اپنے ہیں، گندگی سے کرپشن کرنے والے بھی گزرکرجاتے ہیں، اگرمنصوبوں پرٹھیک کام ہوگا تودوسروں کے ساتھ آپ کے بچے بھی بیماریوں سے محفوظ رہیں گے۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 21 دسمبر تک ملتوی کردی۔