احتساب کو کہیں اور سے کنٹرول کیا جارہا ہے

میرے مقدمے میں کچھ اور، دوسروں کے مقدموں میں اور ضابطے ہیں، اس دہرے معیار کے خاتمے کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے، یہ احتساب نہیں انتقام ہے، اس کے باوجود عدالتوں کا احترام کرتے ہیں سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو

بدھ 15 نومبر 2017 12:43

احتساب کو کہیں اور سے کنٹرول کیا جارہا ہے
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2017ء) سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ احتساب کو کہیں اور سے کنٹرول کیا جارہا ہے، ہمیں سزا دی نہیں بلکہ دلوائی جارہی ہے جبکہ عدالتوں کا دہرا معیار ہے اور ہم اس دہرے معیار کے خلاف جدوجہد کررہے ہیں۔ احتساب عدالت میں پیشی کے بعد وہاں موجود میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ عدالتوں کا دہرا معیار جلد اپنے منطقی انجام کو پہنچے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ احتساب کو کہیں اور سے کنٹرول کیا جارہا ہے اور جو قصور ہم نے نہیں کیا اس کا بھی ہم سی انتقام لیا جارہا ہے۔ عدالتی فیصلے میں ایسا پیغام تھا کہ نواز شریف کو ہر قیمت پر سزا دینی ہے تاہم سزا دی نہیں جارہی بلکہ دلوائی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

نواز شریف کا کہنا تھا کہ عدالت میں ہم سے ہمارے سیاسی مخالفین جیسے سوال پوچھے گئے، عدالتی فیصلے میں ایسے ریمارکس تھے جیسے ہمارے سیاسی مخالفین دیتے ہیں۔

پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کی ضمانت منظور ہونے سے متعلق ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ میرے مقدمے میں کچھ اور جب کہ دوسروں کے مقدموں میں اور ضابطے ہیں، ہم اس دہرے معیار کے خاتمے کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے، یہ احتساب نہیں انتقام ہے اور اس کے باوجود بھی ہم عدالتوں کا احترام کرتے ہیں۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ 1999ء میں بھی طیارہ ہائی جیکنگ کے جھوٹے کیس میں انہیں سزا دلوائی گئی تھی، اس وقت بھی مجھے پھنسایا گیا اور آج بھی وہی معاملہ دہرایا جارہا ہے۔

متعلقہ عنوان :