کیلیفورنیا کے مختلف مقامات پر فائرنگ، پانچ افراد ہلاک

قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تقریباً 100 اہلکاروں نے جوابی کارروائی میں حصہ لیا،حملہ آور ہلاک

بدھ 15 نومبر 2017 11:56

کیلی فورنیا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 نومبر2017ء) امریکا کی ریاست کیلیفورنیا کے شمالی دیہی علاقے کے مختلف مقامات پر فائرنگ میں حملہ آور سمیت 5 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق فائرنگ کا ایک واقعہ ایلیمنٹری اسکول میں بھی پیش آیا جس سے متعدد طلبہ زخمی ہوئے۔ٹیہاما کاؤنٹی کے اسسٹنٹ شیرف فِل جانسن نے شیکو شہر کے ایک ٹی وی کو بتایا کہ افسران اسکول سمیت کم از کم پانچ مقامات کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کے پاس فائرنگ سے متاثرہ افراد کی حتمی تعداد نہیں، تاہم اس میں 3 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کر سکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تقریباً 100 اہلکاروں نے جوابی کارروائی میں حصہ لیا۔

(جاری ہے)

کورنِنگ یونین ایلیمنٹری اسکول ڈسٹرکٹ کی انتظامی اسسٹنٹ جینائن کوئسٹ کا کہنا تھا کہ اسکول میں فائرنگ سے کوئی ہلاک نہیں ہوا، تاہم گولی لگنے سے متعدد طلبہ زخمی ہوئے۔

یاد رہے کہ رواں ماہ کے اوائل میں امریکی ریاست ٹیکساس کے چرچ میں فائرنگ سے 26 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔امریکی میڈیا کے مطابق ایک سفید فام امریکی شہری نے چرچ میں داخل ہو کر فائرنگ کی تاہم پولیس نے جوابی فائرنگ میں حملہ آور کو ہلاک کردیا۔رپورٹس کے مطابق حملہ آور نے سدر لینڈ اسپرنگز میں فرسٹ بیپٹسٹ چرچ میں فائرنگ کی۔قبل ازیں اکتوبر میں امریکی شہر لاس ویگاس میں میوزک کنسرٹ کے دوران فائرنگ کے واقعے میں 58 افراد ہلاک اور 500 سے زائد زخمی ہوئے۔

لاس ویگاس کے ایک پولیس افسر نے غیر ملکی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ جیسے ہی پولیس کو ’منڈالے بے‘ کے کیسینو کے باہر فائرنگ کی اطلاع ملی تو پولیس فوراً جائے وقوع پر پہنچ گئی اور حملہ آور کو ہلاک کردیا گیا، جس کی شناخت اسٹیفن پیڈووک کے نام سے کی گئی۔

متعلقہ عنوان :