زمبابوے میں فوج نے صدر رابرٹ موگابے کا تختہ الٹ کر اقتدار سنبھال لیا‘دارالحکومت ہرارے میں فائرنگ اور دھماکے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 15 نومبر 2017 10:10

زمبابوے میں فوج نے صدر رابرٹ موگابے کا تختہ الٹ کر اقتدار سنبھال لیا‘دارالحکومت ..
ہرارے(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔15نومبر۔2017ء) افریقی ملک زمبابوے کے صدر رابرٹ موگابے کا تختہ الٹ کر فوج نے اقتدار سنبھال لیا، اس سے قبل 93 سالہ حکمران کی رہائش گاہ کے قریب فائرنگ کی آوازیں سنی گئی اور دارالحکومت ہرارے میں زور دار دھماکابھی ہوا۔زمبابوے میں 37 سال بعد صدر موگابے کا تختہ الٹ دیا گیا، فوجی ترجمان کا بیان سامنے آیا ہے جس کے تحت فوج نے اقتدار سنبھال لیا ہے، موگابے اور ان کا خاندان محفوظ ہے۔

حکومت کے ساتھ رسہ کشی کے بعد فوجی ٹینک اور ٹرک دارالحکومت کے قریب کل سے جمع ہیں، فوج نے سرکاری ٹی وی کے ہیڈ کوارٹرز کا کنٹرول سنبھال لیا جبکہ شام کی خبریں نشر نہیں کی گئیں۔زمبابوے کی تازہ صورتحال کے پیش نظر امریکا نے اپنے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے جبکہ برطانیہ نے اپنے شہریوں کو صورتحال واضح ہونے تک گھروں میں رہنے کا کہا ہے۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹس کے مطابق سیاسی بحران صدر موگابے کی جانب سے نائب صدر کی برطرفی کے بعد بڑھا،فوج کے سربراہ چی وینگا نے فوجی مداخلت کی دھمکی دی تھی اور کہا تھا کہ انقلاب کے دفاع کے لیے ضرورت پڑی تو میدان میں آئیں گے۔صدر مگابے نے گزشتہ ہفتے نائب صدر سابق فوجی ایمرسن مننگاوا کو برطرف کیا تھا، انہیں 93 سالہ موگابے کے بعد صدارت کا ممکنہ امیدوار سمجھا جاتا تھا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق موگابے اپنی بیوی کے اقتدار میں آنے کی راہ ہموارکرنا چاہتے ہیں، 1980 میں برطانیہ سے آزادی کے بعد سے موگابے زمبابوے میں عہدہ صدارت پر براجمان تھے۔

متعلقہ عنوان :