بلوچستان میں امن کی بحالی کیلئے سیکورٹی فورسز کی قربانی کوقدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیںبلکہ انہیں رائیگاں جانے نہیں دیاجائیگا،وفاقی حکومت صوبے میں بحالی امن کیلئے صوبائی حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہے

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کوئٹہ میں امن وامان اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق منعقدہ اجلاس سے خطاب

منگل 14 نومبر 2017 22:07

بلوچستان میں امن کی بحالی کیلئے سیکورٹی فورسز کی قربانی کوقدر کی نگاہ ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 نومبر2017ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاہے کہ بلوچستان میں امن کی بحالی کیلئے سیکورٹی فورسز کی قربانی کوقدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیںبلکہ انہیں رائیگاں جانے نہیں دیاجائیگا،وفاقی حکومت صوبے میں بحالی امن کیلئے صوبائی حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہے۔ وہ منگل کو ایک روزہ دورہ کوئٹہ کے موقع پرگورنرہائوس میں امن وامان اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق منعقدہ اجلاس سے خطاب اورگورنرمحمدخان اچکزئی ووزیراعلیٰ نواب ثناء اللہ زہری اورصوبائی وزراء واراکین اسمبلی سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے ۔

گزشتہ روز وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اپنے ایک روزہ دورہ کوئٹہ پرپہنچے تو ائیرپورٹ پر ان کااستقبال وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری اور وفاقی وزیر سیفران جنرل(ر)عبدالقادر بلوچ نے کیا وزیراعظم کے ساتھ مشیر برائے قومی سلامتی ناصر جنجوعہ سمیت دیگر بھی کوئٹہ پہنچے ۔

(جاری ہے)

جہاں گورنرہائوس پہنچنے پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو پولیس کے چاق وچوبند دستے نے سلامی دی۔

بعدازاں گورنر ہائوس میں اجلاس کے موقع پر وزیراعظم کوصوبے میں امن وامان اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق بریفنگ دی گئی ۔اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ بلوچستان میں بحالی امن کے لئے سیکورٹی فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ،وفاقی حکومت صوبے میں بحالی امن کے لئے صوبائی حکومت سے ہر ممکن تعاون کے لئے تیار ہے، انہوں نے ہدایت کی کہ بلوچستان بھر میں امن وامان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کیلئے حکومت سیکورٹی فورسز سمیت دیگرکی کوششوں کو مزید موثر بنایاجائے بلکہ صوبے میں ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور فوری تکمیل کے حوالے سے کوئی لمحہ فروگزاشت نہ کیاجائے۔

اجلاس میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثنااللہ زہری نے کہاکہ بلوچستان میں ماضی کی نسبت امن وامان کی صورتحال بہت بہتر ہے، صوبے میں دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے، جو عناصر امن وامان کو خراب کرنے کی کوشش کرینگے ان کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں بھرتی جائیگی بلکہ ان عناصر کا خاتمہ کر کے صوبے کی عوام کو خوشیاں لوٹائیں گے۔ اس سے قبل وزیراعظم شاہدخاقان عباسی گورنرہاوس پہنچے جہاں ان کو، اجلاس سے قبل وزیراعظم شاہدخاقان عباسی سے گورنربلوچستان محمدخان اچکزئی اور وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناللہ زہری کی ملاقات نے بھی ملاقات کی اس موقع پر بلوچستان کی مجموعی صورتحال سمیت مختلف امورپربات چیت ہوئی۔

وزیراعظم کے کوئٹہ آمد کے موقع پر نہ صرف سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے بلکہ شہر بھر اور صوبائی دارالحکومت کے داخلی وخارجی راستوں کی کڑی نگرانی کا بھی سلسلہ جاری رہا۔