ْدیامیر بھاشا ڈیم کی تعمیر حکومت کی اولین ترجیح ہے،توانائی کی فراہمی میں استحکام آئے گا

وفاقی وزیر داخلہ و منصوبہ بندی احسن اقبال کی چین کے جی ژبائو گروپ انٹرنیشنل انجینئرنگ کے صدر مسٹر ژیانگ سے گفتگو

منگل 14 نومبر 2017 22:04

ْدیامیر بھاشا ڈیم کی تعمیر حکومت کی اولین ترجیح ہے،توانائی کی فراہمی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2017ء) وفاقی وزیر داخلہ و منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ دیامیر بھاشا ڈیم کی تعمیر حکومت کی اولین ترجیح ہے جس سے توانائی کی فراہمی میں استحکام آئے گا اور فوڈ سیکورٹی کو یقینی بنایا جائے گا، حکومت داسو ڈیم سمیت دیگر ہائیڈرل پاور منصوبوں پر بھی کام کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چین کے جی ژبائو گروپ انٹرنیشنل انجینئرنگ کے صدر مسٹر ژیانگ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے منگل کو یہاں ان سے ملاقات کی۔

چین کے جی ژبائو گروپ کے صدر نے سی پیک منصوبوں پر کام کی پیشرفت کے حوالہ سے وفاقی وزیر کو آگاہ کیا۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے وفد کو بتایا کہ صنعتی زونز سی پیک کا اہم حصہ ہیں جس سے ملک میں صنعتی ترقی کی رفتار تیز ہو گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے چین کی حکومت اور نجی شعبہ کی تعریف کی جنہوں نے مشکل وقت میں پاکستان کی سماجی اور معاشی ترقی کیلئے ساتھ دیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت سرمایہ کاروں کو کاروبار دوست ماحول اور سہولیات فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک کے تحت منصوبوں کی تکمیل توانائی کے استحکام کی ضامن ہے۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ این ڈی آر سی نے سی پیک منصوبوں کیلئے چین کی تین معروف کمپنیوں پر مشتمل ایک پینل تجویز کیا، یہ ایک انتہائی شفاف عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے سی پیک کے تحت صنعتی زونز کے قیام کا جائزہ لیا جو ملک میں صنعتی ترقی کیلئے مددگار ثابت ہوں گے۔