وزیراعظم تعلیمی اصلا حات پروگرام کے تحت تعلیمی اداروں میں کلاس رومز ،کمپیوٹر و سائنس لیبارٹریز ،ٹوائلٹس کی اپ گریڈیشن ، پینے کے صاف پانی ، صفائی ستھرائی اور حفظان صحت کے منصوبوں پر کام جاری ہے ‘ اساتذہ اور والدین صحت مند پاکستان ‘ہاتھ دھونے اور پانی کی افادیت کے حوالے سے آگاہی پروگرام کا حصہ بنیں ‘ترقی کے اہداف حاصل کرنے کے لئے تمام ادارے ‘سول سوسائٹی اور زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد اپنا کردار ادا کریں ‘آنے والی نسلوں کو محفوظ بنانے کیلئے صحت کے تمام مسائل پر قابو پانا ہوگا‘پائیدار ترقی کے اہداف میں پاکستان چمپیئن کا اعزاز رکھتا ہے‘پاکستان کی پارلیمنٹ پہلی پارلیمنٹ ہے دنیا کی جس میں پائیدار ترقی کے اہداف کا سیکرٹریٹ قائم اور فعال کردار ادا کررہا ہے ‘ صوبائی سطح پر بھی ترقیاتی اہداف کے سلسلے میں مراکز قائم کیے گئے ہیں‘ترقیاتی اہداف کا حصول ہمارا بین الاقوامی عزم ہے‘وزیراعلی پنجاب نے ہر شعبے میں بہت کام کیا جو باقی صوبوں کے لئے قابل تقلید ہے‘‘سکول کے طلبہ اگر یہ سیکھ لیں کہ ہاتھ دھونا کیوں ضروری ہے تو وہ بہت سی بیماریوں سے بچ سکتے ہیں‘ویسٹ منیجمنٹ میں شہریوں کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہے‘ سماجی مسائل سے متعلق آگاہی کیلئے میڈیا کا کردار نہایت اہم ہے‘میڈیا اپنے پروگراموں کے ذریعے اس سلسلے میں اپنا کردار جاری رکھے

وزیر مملکت برائے اطلاعات، نشریات وقومی ورثہ مریم اورنگزیب کا ہاتھ دھونے کے عالمی دن کی مناسبت سے تقریب سے خطاب

منگل 14 نومبر 2017 21:37

وزیراعظم تعلیمی اصلا حات پروگرام کے تحت تعلیمی اداروں میں کلاس رومز ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2017ء) وزیر مملکت برائے اطلاعات، نشریات وقومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم تعلیمی اصلا حات پروگرام کے تحت تعلیمی اداروں میں کلاس رومز ،کمپیوٹر و سائنس لیبارٹریز ،ٹوائلٹس کی اپ گریڈیشن ، پینے کے صاف پانی ، صفائی ستھرائی اور حفظان صحت کے منصوبوں پر کام جاری ہے‘ پائلٹ ویمن اورگرلز ٹوائلٹ بنائے جارہے ہیں، اساتذہ اور والدین صحت مند پاکستان ‘ہاتھ دھونے اور پانی کی افادیت کے حوالے سے آگاہی پروگرام کا حصہ بنیں ‘کوئی بھی حکومت یا ادارہ معاشرتی مسائل کو تنہا حل نہیں کرسکتا ‘ترقی کے اہداف حاصل کرنے کے لئے تمام ادارے ‘سول سوسائٹی اور زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد اپنا کردار ادا کریں ‘آنے والی نسلوں کو محفوظ بنانے کیلئے صحت کے تمام مسائل پر قابو پانا ہوگا، بچے صحت مند ہونگے تو پورا گھرانہ صحت مند ہوگا۔

(جاری ہے)

وہ پیر کو اسلام آباد ماڈل گرلز کالج میں ہاتھ دھونے کے عالمی دن کی مناسبت سے صحت مند پاکستان پروگرام کے تحت ہمارے ہاتھ ‘ہمارا مستقبل کی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں ۔وزیر مملکت مریم اورنگزیب ‘وزیر برائے پیشہ وارانہ تعلیم انجینئر بلیغ الرحمان ‘وزیراعظم ایجوکیشن ریفارمز پروگرام کے مشیر علی رضا نے تقریب میں شریک طالبات اور شرکاء کے ہمراہ ہاتھ دھونے اور یہ پیغام آگے پہنچانے کا حلف لیا ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج کی تقریب میں وزارت موسمیاتی تبدیلی ‘وزارت تعلیم‘ وزارت صحت ‘وزارت کیڈ اور وزارت اطلاعات و نشریات اور دیگر متعلقہ اداروں اور شراکتدار ایک ساتھ صحت مند پاکستان اور حفظان صحت کے لئے ہاتھ دھونے کی مہم کو آگے بڑھارہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ آج میں بطور وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات کے ساتھ ساتھ پائیدار ترقی کے اہداف (ایس ڈی جیز) سیکرٹریٹ کی نمائندگی بھی کررہی ہوں‘ حکومت نے پینے کے صاف پانی ، صحت مند پاکستان ، نکاسی آب ، اور آنے والی نسلوں کو محفوظ بنانے کے لئے ترقی کے ایجنڈے کے تحت بین الاقوامی معاہدوں پر دستخط کیے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ جب بچہ بیمار ہوتا ہے تو وہ سکول نہیں جا پاتا ‘بڑی عمر کا فرد بیمار ہوتا ہے وہ دفتر اور معمول کی سرگرمیوں کا حصہ نہیں بن سکتا جس کا براہ راست اثر ملک کی مجموعی کارکردگی پر پڑتا ہے ‘اگر بچہ صحت مند ہوگا تو گھرانہ صحت مند ہوگا ‘والدین کی آگاہی کے لئے پاکستان ٹیلی ویژن اور ریڈیو پاکستان کے پلیٹ فارم سے مختلف پروگرامات نشر کیے جارہے ہیں جس میں بچوں کو بیماریوں سے بچائو ‘ہاتھ دھونے کیوں ضروری ہیں ‘پانی کی افادیت جیسے امور شامل ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ہر شعبے میں اپنا کام بہتر انداز میں کر رہی ہے ‘پائیدار ترقی کے اہداف میں بھی پاکستان چمپیئن کا اعزاز رکھتا ہے کیونکہ پاکستان کی پارلیمنٹ پہلی پارلیمنٹ ہے دنیا کی جس میں پائیدار ترقی کے اہداف کا سیکرٹریٹ قائم اور فعال کردار ادا کررہا ہے ‘ایس ڈی جیز سیکرٹریٹ قومی سطح کے منصوبوں پر اوورسائیٹ کا کردار ادا کررہا ہے اوروزارت منصوبہ بندی‘ترقی و اصلاحات میں باقاعدہ ایس ڈی جیز یونٹ قائم ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی سطح پر بھی ترقیاتی اہداف کے سلسلے میں مراکز قائم کیے گئے ہیں‘ترقیاتی اہداف کا حصول ہمارا بین الاقوامی عزم ہے‘حکومت اپنے سیاسی اور معاشی عزم سے اہداف کے حصول کیلئے سنجیدہ ہے‘ترقیاتی اہداف کاحصول نجی و سرکاری اشتراک سے ہی ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ پائیدار ترقی کے اہداف کو حاصل کرنے کے لئے حکومت نے یہ ہدف ویژن 2025 ء میں شامل کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ دنیا جس پبلک پرائیویٹ پارٹنر شب سے فوائد حاصل کرتی ہے ‘پاکستان نے بھی اسی طرح پبلک پرائیویٹ پاٹنر شپ پر کام کرنا شروع کیا ہے جس کے ثمرات آنا شروع ہوگئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب نے ہر شعبے میں بہت کام کیا جو باقی صوبوں کے لئے قابل تقلید ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہاتھ دھونے کی افادیت اور پانی کے استعمال کے بارے میں بھی سکھایا جارہا ہے‘اساتذہ اور والدین بچوں میں آگاہی پروگرام سے متعلق اہم کردار ادا کررہے ہیں‘نکاسی آب سے متعلق مسائل کے بارے میں عوامی آگاہی مہم شروع کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صحت سے متعلق والدین کی آگاہی کیلئے مختلف ذرائع استعمال کیے جارہے ہیں، صوبوں کی توجہ صحت،تعلیم ،نکاسی آب اور دیگر مسائل کے حل پر ہے۔انہوں نے کہا کہ سماجی مسائل سے متعلق آگاہی کیلئے میڈیا کا کردار نہایت اہم ہے‘میڈیا اپنے پروگراموں کے ذریعے اس سلسلے میں اپنا کردار جاری رکھے ۔انہوں نے کہا کہ سکول کے طلبہ اگر یہ سیکھ لیں کہ ہاتھ دھونا کیوں ضروری ہے تو وہ بہت سی بیماریوں سے بچ سکتے ہیں‘ویسٹ منیجمنٹ میں شہریوں کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہے‘صحت اور صفائی سے متعلق سکولوں میں تسلسل کے ساتھ عملی اقدامات جاری رہنے چاہیں۔