دکھی مریضوں کی خدمت عین عبادت ہے ،حکومت محنتی اور خلوص نیت سے کام کرنے والوں کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ،بہتری کی گنجائش ہر وقت اور ہر جگہ ہوتی ہے ،ہم سب کو مل کر دل و جان سے عوام کی خدمت اور انکے مسائل کا حل یقینی بنانے کیلئے کوشش جاری رکھنا ہونگی،شہباز شریف

اور وفاقی حکومت صحت کے شعبہ کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کیلئے بھر پور وسائل فراہم کر رہی ہے وفاقی وزیر صحت سائرہ افضل تارڑ کا ڈی سی آفس میں تقریب سے خطاب

منگل 14 نومبر 2017 21:16

دکھی مریضوں کی خدمت عین عبادت ہے ،حکومت محنتی اور خلوص نیت سے کام کرنے ..
حافظ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 نومبر2017ء) وفاقی وزیر صحت سائرہ افضل تارڑ نے کہا ہے کہ دکھی مریضوں کی خدمت عین عبادت ہے جس کا اجر تو خدا ہی دیتا ہے،حکومت محنتی اور خلوص نیت سے کام کرنے والوں کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ،بہتری کی گنجائش ہر وقت اور ہر جگہ ہوتی ہے اور ہم سب کو مل کر دل و جان سے عوام کی خدمت اور انکے مسائل کا حل یقینی بنانے کیلئے کوشش جاری رکھنا ہوگی،شہباز شریف اور وفاقی حکومت تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لاکرصحت کے شعبہ کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کیلئے بھر پور وسائل فراہم کر رہی ہے جس کے مثبت نتائج واضح نظر آ رہے ہیں۔

وہ منگل کو یہاں ڈی سی آفس میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب سے خطاب کررہی تھیں ۔ڈپٹی کمشنر میڈم صالحہ سعید اور دیگر افسران ،ڈاکٹر اور معززین بھی اس تقریب میں شریک ہوئے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دکھی مریضوں کی خدمت عین عبادت ہے جس کا اجر تو خدا ہی دیتا ہے،حکومت پنجاب نے فرض شناس ڈاکٹروں ،پیرامیڈیکل سٹاف اور معاون عملہ کو حسن کارکردگی کی بنیاد پر نقد انعامات اور تعریفی سرٹیفکیٹ دینے کی خوشگوار روایت کا آغاز کرکے یہ پیغام دیا ہے کہ حکومت محنتی اور خلوص نیت سے کام کرنے والوں کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ خادم پنجاب محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر شروع کیا جانے والا یہ اقدام ڈاکٹروں اور سٹاف کو مذید لگن اور جذبے کے ساتھ مریضوں کی خدمت کا حوصلہ عطا کرے گا ۔انہوں نے کہا کہ بلا شبہ ضلع کے تمام بڑے ہسپتالوں اور مراکز صحت کی کارکردگی ،وہاں پر دستیاب جدید طبی آلات اور افرا سٹرکچر کے حوالہ سے بڑی واضح اور صاف نظر آنے والی بہتری ہوئی ہے تاہم مذید بہتری کی گنجائش ہر وقت اور ہر جگہ ہوتی ہے اور ہم سب کو مل کر دل و جان سے عوام کی خدمت اور انکے مسائل کا حل یقینی بنانے کے لیے کوشش جاری رکھنا ہوگی۔

سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ خادم پنجاب محمد شہباز شریف اور وفاقی حکومت تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لاتے ہوئے صحت کے شعبہ کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنے ،علاج معالجہ کی بہترین خدمات کی بآسانی دستیابی اور ڈاکٹروں ،سٹاف اور عملہ کی ہر ممکن حوصلہ افزائی کے لیے بھر پور وسائل فراہم کر رہی ہے جس کے مثبت نتائج بھی واضح نظر آ رہے ہیں۔انہوں نے حکومت پنجاب کی جانب سے بہترین کارکردگی کے اعتراف میں کیش ایوارڈز اور خادم پنجاب کی جانب سے خصوصی ستائشی سرٹیفکیٹ حاصل کرنے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ وہ دوسروں کے لیے رول ماڈل بنیں گے اور دیگر ڈاکٹر بھی اس کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کریں گے۔

ڈپٹی کمشنر میڈم صالحہ سعید اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر حامد رفیق نے بھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شعبہ صحت کی بہتری معیاری ادویات کی مفت فراہمی ،جدید طبی آلات کی دستیابی اور دیگر اقدامات کے حوالہ سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر اور عملہ کی جانب سے پوری تندہی اور خلوص سے مریضوں کو دستیاب سہولیات کی فراہمی کسی عبادت سے کم نہیں ہے۔

تقریب میں وفاقی وزیر میڈم سائرہ ،ڈپٹی کمشنر میڈم صالحہ سعید اور چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر حامد رفیق نے ڈاکٹر مبشر سرفراز ،ڈاکٹر ریحان ،ڈاکٹر عاصم افتخار ،ڈاکٹر اصغر علی ہنجرا ،ڈاکٹر خالد فاروق ،ڈاکٹر ناصر ،ڈاکٹر امجدعلی ،ڈاکٹر اطہر مجید ،ڈاکٹر نادیہ رحمن بھٹہ ،ڈاکٹر صائمہ ،لیب انچارج محمد طارق ،ڈسپنسر نصر اللہ سمیت 51ملازمین میں کیش ایوارڈ ز اور تعریفی سرٹیفکیٹ تقسیم کئے۔

متعلقہ عنوان :