موجودہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی،اگلے سال جون کے بعد عام انتخابات ہوںگے ، وزیراعظم

بلوچستان کی اضلاع اور یونین کونسلوں کو ملک کی دیگر اکائیوں کے اضلاع اور یونین کونسلوں کے برابر ترقی دینے کیلئے نواب ثناء اللہ زہری کی تجویز پر 10سالہ ایکولائزیشن پروگرام شروع کیاجارہاہے جس کیلئے 50فیصدوفاقی 50فیصد فنڈز صوبائی حکومت فراہم کریگی، ایکولائزیشن پروگرام کے تحت بلوچستان بھر میں یونین کونسل کی سطح پر سکولز کے قیام ،صاف پینے کے پانی کی فراہمی ،مراکز صحت و دیگر سہولیات کی فراہمی کوممکن بنایاجائے گا،20ارب روپے کی خطیر رقم سے ہر ضلع میں ایل پی جی گیس کے پلانٹس لگائے جارہے ہیں،شاہد خاقان عباسی کا امن وامان اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب

منگل 14 نومبر 2017 21:11

موجودہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی،اگلے سال جون کے بعد عام انتخابات ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 نومبر2017ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاہے کہ موجودہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی،اگلے سال جون کے بعد عام انتخابات ہونگے ،بلوچستان کی اضلاع اور یونین کونسلوں کو ملک کی دیگر اکائیوں کے اضلاع اور یونین کونسلوں کے برابر ترقی دینے کیلئے نواب ثناء اللہ زہری کی تجویز پر 10سالہ ایکولائزیشن پروگرام شروع کیاجارہاہے جس کیلئے 50فیصدوفاقی 50فیصد فنڈز صوبائی حکومت فراہم کریگی ،ایکولائزیشن پروگرام کے تحت بلوچستان بھر میں یونین کونسل کی سطح پر سکولز کے قیام ،صاف پینے کے پانی کی فراہمی ،مراکز صحت اور دیگر سہولیات کی فراہمی کوممکن بنایاجائے گا،20ارب روپے کی خطیر رقم سے ہر ضلع میں ایل پی جی گیس کے پلانٹس لگائے جارہے ہیں۔

وہ منگل کو دورہ کوئٹہ کے موقع پر امن وامان اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پرگورنربلوچستان محمدخان اچکزئی ،وزیراعلیٰ نواب ثناء اللہ زہری ،مشیر برائے قومی سلامتی ناصر جنجوعہ ،وفاقی وزراء جنرل (ر)عبدالقادر بلوچ ،میر دوستین ڈومکی ،صوبائی وزیر داخلہ میر سرفرازبگٹی ،سینیٹر سرداریعقوب ناصر ،سینیٹر آغا شاہ زیب درانی ،مشیر زیراعلیٰ سرداردرمحمدناصرسمیت دیگر بھی موجود تھے۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کاکہناتھاکہ ان کے ایک روزہ دورہ کوئٹہ کا مقصد وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری کی دعوت پر یہاں آکر سیکورٹی اور سی پیک سمیت دیگر ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیناتھا انہوںنے کہاکہ اجلاس کے دوران اس سلسلے میں نہ صرف انہیں تفصیلی بریفنگ دی گئی بلکہ سیکورٹی اور ترقیاتی کاموں سے متعلق ان کی صوبائی حکام کے ساتھ تفصیلی بات چیت بھی ہوئی ہے ،انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری کی تجویز پر وفاقی حکومت بلوچستان میں 10سالہ ایکولائزیشن پیکج شروع کررہی ہے جس کا مقصد بلوچستان کے تمام اضلاع اور یونین کونسلز کو ملک کے دیگر اکائیوں کے طرز پر ترقی دیکر ان کے برابر لاناہے ،انہوں نے کہاکہ ایکولائزیشن پیکج کے تحت یونین کونسل کی سطح پر سکولوں اور مراکز صحت کا قیام ،پینے کے صاف پانی سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی کو ممکن بناناہے بلکہ جہاں ان سہولیات کی کمی ہوگی انہیں پورا کیاجائیگا اس دس سالہ ایکولائزیشن پروگرام کیلئے 50فیصد رقم وفاق اور 50فیصد صوبہ فراہم کرے گی اس سال سے ہی اس پروگرام کاآغاز کردیاجائیگا،وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کاکہناتھاکہ بلوچستان میں ٹیوب ویلوں کو سولر سسٹم پر منتقل کرنے کے منصوبے کا بھی جائزہ لیاگیاہے بلکہ ہر ضلع میں ایل پی جی پلانٹ لگا کر عوام کو گیس کی فراہمی ممکن بنانے کے 20ارب روپے کے کی لاگت سے شروع کئے جانیو الے منصوبے کا بھی جائزہ لیاگیاہے ،انہوں نے کہاکہ ہماری کوشش ہے کہ ہر مہینے یا دو بعد ترقیاتی منصوبوں اور امن وامان سے متعلق صورتحال کا جائزہ لیاجائے انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت چل رہی ہے اور اگلے سال جون تک یہ اپنی مدت پوری کرے گی جس کے دو ماہ بعد عام انتخابات کاانعقاد کیاجائیگا انہوں نے کہاکہ حکمرانی ہمیشہ آئین کے مطابق ہوتی ہے ہمیشہ قانون کی بالادستی ہونی چاہئے ۔