بلدیہ عظمیٰ کراچی کی گاڑیوں اور مشینری کی فزیکل ویری فکیشن کے نتیجے میں پیٹرول اور ڈیزل پر اٹھنے والے اخراجات کی مد میں بچت ہوئی ہے، وسیم اختر

منگل 14 نومبر 2017 20:53

بلدیہ عظمیٰ کراچی کی گاڑیوں اور مشینری کی فزیکل ویری فکیشن کے نتیجے ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 نومبر2017ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی گاڑیوں اور دیگر مشینری کی فزیکل ویری فکیشن کے نتیجے میں پیٹرول اور ڈیزل پر اٹھنے والے اخراجات کی مد میں قابل ذکر بچت ہوئی ہے اور یہ رقم اب دیگر ضروری کاموں پر خرچ کی جائے گی، کے ایم سی کے محکموں کو ٹھیک کررہے ہیں اور بے ضابطگیوں کو روکا جا رہا ہے جس کے بتدریج نتائج سامنے آئیں گے تمام محکمہ جاتی سربراہان دی گئی ہدایات پر فوری عملدرآمد یقینی بنائیں تاکہ غیرضروری اخراجات کی مد میں وسائل ضائع ہونے سے بچائے جاسکیں، یہ بات انہوں نے منگل کی شام محکمہ وہیکل کے دفتر میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈراسلم شاہ آفریدی، اراضیات کمیٹی کے چیئرمین سید ارشد حسن، چیئرمین پارکس کمیٹی خرم فرحان، ڈائریکٹر وہیکل فرید تاجک ، ویب سیکشن انچارج دانیال ، ڈائریکٹر میڈیا علی حسن ساجداور دیگر افسران بھی موجود تھے، میئر کراچی نے کہا کہ مالی سال 2015-16 ء میں پیٹرول اور ڈیزل پر ہونے والے اخراجات 431,047,593 روپے تھے جن میں مالی سال 2016-17 ء کے دوران کمی ہوئی اور یہ 266,056,964 روپے ہوگئے تھے جبکہ محکمہ وہیکل میں بہتری کے لئے حالیہ اقدامات بشمول گاڑیوں اور دیگر مشینری کی فزیکل ویری فکیشن کے بعد پیٹرول اور ڈیزل پر اٹھنے والے اخراجات میں مزید کمی واقع ہوئی ہے اور اب صرف انہی گاڑیوں کو پیٹرول جاری کیا جارہاہے جو کارآمد حالت میں ہیں اور فزیکل ویری فکیشن کے لئے پیش ہوئی ہیں، اس کے علاوہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی تمام گاڑیوں اور دیگر مشینری کا مکمل کمپیوٹرائزڈ ریکارڈ بھی تیار کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی گاڑی کے حوالے سے معلومات فوری طور پر حاصل کی جاسکیں، میئر کراچی وسیم اختر نے افسران کو ہدایت کی کہ محکمہ وہیکل سمیت کے ایم سی کے تمام محکموں میں زیر استعمال گاڑیوں کے درست استعمال کو یقینی بنائے اور اگر کہیں بھی کوئی خلاف قانون اور خلاف ضابطہ کام ہوتا دکھائی دے تو اس کا فوری نوٹس لے کر متعلقہ محکمے کو مطلع کیا جائے تاکہ فوری کارروائی کرکے اس کا سدباب کیا جاسکے اور کے ایم سی کے وسائل کو ضائع ہونے سے بچایا جاسکے، انہوں نے کہا کہ آڈٹ رپورٹ کی روشنی میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکموں کی کارکردگی اور فنڈز کے استعمال کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور جہاں بھی ضروری ہے وہاں بروقت اقدامات کے ذریعے صورتحال کو ٹھیک کیا جا رہا ہے اور ان سب اقدامات کا مقصد بلدیہ عظمیٰ کراچی کے دستیاب وسائل کے درست استعمال کو یقینی بنانا اور بلدیاتی فنڈز کے ضیاع کو روکنا ہے ، انہوں نے کہا کہ ادارے کو مالی طور پر مستحکم بنانے کے لئے یہ تمام اقدامات ضروری ہوگئے ہیں اور اب کسی بھی ایسی مد میں رقم خرچ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی جو غیر ضروری ہو یا قواعد و ضوابط کے خلاف ہو، انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کا بنیادی کام شہریوں کو بلدیاتی سہولیات کی فراہمی ہے جس کے لئے ہرممکن وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں ، ادارہ مالی طور پر مستحکم ہوگا تبھی اپنے فرائض بہتر طور پر ادا کرنے کے قابل ہوگا۔

(جاری ہے)

بلدیہ عظمیٰ کراچی کی گاڑیاں ، مشینری اور دیگر وسائل کو درست طریقے سے استعمال میں لانا ہے جس کے لئے تمام محکمہ جاتی افسران اور ماتحت عملہ اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرے، انہوں نے کہا کہ ادارے میں اصلاحات کا یہ عمل بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گا اور مقاصد کے حصول تک ہر وہ قدم اٹھایا جائے گا جس سے بلدیہ عظمیٰ کراچی کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنے میں مدد ملے۔

متعلقہ عنوان :