سانحہ بلدیہ کو گزرے ہوئے 6سال ہوگئے ہیں لیکن لواحقین کو اب تک انصاف نہیں مل سکا ، ڈاکٹر عارف علوی

حماد صدیقی اور اسکے ساتھیوں کو سزا ملنی چاہئے، بھتہ نہ ملنے کی وجہ سے 250سے زائد لوگوں کو زندہ جلادیا گیا تھا،عمران اسماعیل

منگل 14 نومبر 2017 20:15

سانحہ بلدیہ کو گزرے ہوئے 6سال ہوگئے ہیں لیکن لواحقین کو اب تک انصاف ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 نومبر2017ء) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علو ی نے کہا ہے کہ سانحہ بلدیہ کو گزرے ہوئے 6سال ہوگئے ہیں لیکن لواحقین کو اب تک انصاف نہیں مل سکا ۔ فیکٹری کے مزدوروں کو زندہ جلادیا گیا تھا آج انکے لواحقین انصاف کے منتظر ہیں۔ سانحہ بلدیہ میں ملوث افراد سے بارگیننگ کی جارہی ہے۔

سانحہ کو 6سال گزرنے کے بعد بھی متاثرہ خاندانوں کو معاوضہ تک ادا نہیں کیا گیا۔آج غریب مائوں کو پنشن بھی نہیں دی جارہی۔ حکومتی نمائندے وعدے کر کے چلے گئے لیکن آج تک کوئی وعدہ پورا نہیں ہوا۔ زندہ جلائے جانے والوں کے والدین مطالبہ کرتے ہیں کہ جنہوں نے فیکٹری میں آگ لگائی تھی انہیں کڑی سے کڑی سزادی جائے۔

(جاری ہے)

یہ باتیں انہوں نے بلدیہ فیکٹری کے باہر لگائے گئے احتجاجی کیمپ میں سانحہ بلدیہ متاثرین کے اہل خانہ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں ۔

اس موقع پر ان کے ہمراہ مرکزی سینئر رہنما عمرا ن اسماعیل، فردوس شمیم نقوی، حلیم عادل شیخ، سبحان ساحل،ملک شہزاد اعوان، سیف الرحمان خان، دوا خا ن صابر، راجہ اظہر خان، نصرت واحد ،غزالہ سیفی، سعید آفریدی، سید زرین شاہ، سربلند خان، امجد آفریدی اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ اس موقع پر مرکزی رہنما عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ حماد صدیقی اور اسکے ساتھیوں کو سزا ملنی چاہئے۔

بھتہ نہ ملنے کی وجہ سے 250سے زائد لوگوں کو زندہ جلادیا گیا تھا۔ لوگ کہتے ہیں کہ یہ سب ایجنسیوں کے کہنے پر کیا گیا تھا، پاکستان کی اسٹیبلشمنٹ اور فوج غیرت مند ہیں وہ کبھی پاکستان اور اسکے شہریوں کے لئے برا نہیں سوچ سکتے۔ قاتل کا تعلق چاہے کسی بھی زبان یا پارٹی سے ہو انہیں سزا ملنی چاہئے۔ کراچی ڈویژن کے صدر فردوس نقوی کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ جرم نہیں درنگی تھا۔

عدالت تحریک انصاف کے مرکزی رہنما علی زیدی کی جانب سے سندھ ہائی کورٹ میں دائر پٹیشن پر فیصلہ کریں اور سانحہ بلدیہ کی جے آئی ٹی رپورٹ کو منظر عام پر لائیں۔واقعے میں ملوث افراد جو پاکستان سے باہر ہیں انہیں پاکستان لایا جائے اور جو یہاں موجود ہیں انہیں پاکستان سے باہر جانے سے روکا جائے اور انکے نام ای سی ایل میں ڈالے جائیں۔ اس موقع پر حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ سانحہ بلدیہ کو کسی ڈیل کا شکارنہیں ہونے دیں گے۔واقعے میں ملوث تمام افراد کو سامنے لایا جائے۔ پاکستان تحریک انصاف کسی قاتل کو معاف نہیں کرے گی۔ ہم جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں اور انہیں انکا حق اور انصاف دلوا کر رہیں گے۔

متعلقہ عنوان :