چیئرمین شیخ انصر عزیز کی زیر صدارت سی ڈی اے بورڈ کا 13واں اجلاس

منگل 14 نومبر 2017 19:47

چیئرمین شیخ انصر عزیز کی زیر صدارت سی ڈی اے بورڈ کا 13واں اجلاس
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2017ء) وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی ای) بورڈ کا 13واں اجلاس منگل کو چیئرمین شیخ انصر عزیز کی سربراہی میں ہوا۔ اجلاس میں 16 نکاتی ایجنڈے میں سے پانچ نکات کی منظوری دیتے ہوئے 11 نکات کو مؤخر کر دیا گیا۔ سی ڈی اے کے ہونے والے بورڈ اجلاس میں بورڈ آف انوسٹمنٹ کی عمارت کی تعمیر کیلئے سرکاری نرخوں پر پلاٹ دینے کی منظوری دیدی گئی جس کی حتمی منظوری وزیر اعظم دیں گے۔

بورڈ نے اتفاق رائے سی کثیر المنزلہ عمارت صفاء گولڈ کی لیز منسوخ کرنے کی منظوری دیدی ہے۔ صفاء گولڈ انتظامیہ کی جانب سے بلڈنگ قوانین کی خلاف ورزی پر لیز منسوخی کی منظوری دی گئی ہے جبکہ صفاء گولڈ کی جانب سے بنائی گئیں دو اضافی منزلوں کو گرانے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

سیکٹر جی سکس میں سینٹر سیف اللہ بنگش کے پلاٹ کے استعمال کی حیثیت کی تبدیلی کی بھی بورڈ کی جانب سے منظوری دیدی گئی ہے۔

اس سے قبل سینٹر بنگش کو پلاٹ دو منزلہ شادی ہال کی تعمیر کے لیے آکشن کے ذریعے دیا گیا تھا تاہم سیکورٹی اداروں کی کلیئرنس نہ ہونے کے باعث مذکورہ پلاٹ کی حیثیت تبدیل کرتے ہوئے پانچ منزلہ عمارت تعمیر کرنے کی منظوری دیتے ہوئے فلیٹس اور دکانیں بنانے کی منظوری دی گئی ہے تاہم پلاٹ کے استعمال کی حیثیت تبدیلی کے چارجز الاٹی سے وصول کئے جائیں گے۔

ڈپٹی ڈی جی ٹریننگ اکیڈیمی غلام سرور سندھو کی ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں تنزلی کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر بنا دیا گیا ہے۔ سی ڈی اے بورڈ کے ایجنڈے سے ہٹ کر سپیشل میٹنگ کے دوران گرینڈ حیات ہوٹل کے مستقبل کے بارے میں فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ گرینڈ حیات کی غیر قانونی تعمیرات کے بعد سی ڈی اے کی جانب سے عمارت کا قبضہ سنبھال لیا گیا تھا اور اب مذکورہ عمارت کے متاثرین کی جانچ پڑتال کے بعد خصوصی فنڈ قائم کر کے متاثرین کو ادائیگیوں کا سلسلہ شروع کر دیا جائے گا۔ متاثرین کی جانچ پڑتال کے حوالے سے آئندہ چند روز میں گرینڈ حیات کی عمارت میں سی ڈی اے کے شعبہ بلڈنگ کنٹرول کا آفس قائم کر دیا جائے گا جو کہ متاثرین کی حتمی فہرست مرتب کر کے ادائیگیوں کا طریقہ کار طے کرے گا۔

متعلقہ عنوان :