پیپلز پارٹی ہی واحد جماعت ہے جس کی جڑیں عوام کی دلوں میں مضبوط ہیں،وزیراعلیٰ سندھ

غریب عوام اور دکھی انسانیت کی خدمت کرنا اپنی قائد شہید محترمہ بے نظیر بھٹو سے سیکھا ہے،سید مراد علی شاہ کا ٹھٹھہ میں خطاب

منگل 14 نومبر 2017 19:44

پیپلز پارٹی ہی واحد جماعت ہے جس کی جڑیں عوام کی دلوں میں مضبوط ہیں،وزیراعلیٰ ..
ٹھٹھہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 نومبر2017ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہاہے کہ پیپلز پارٹی ہی واحد جماعت ہے جس کی جڑیں عوام کی دلوں میں مضبوط ہیں، جہاں بھی پہنچتا ہوں میری قیادت کے جیالے وہاں موجود ہوتے ہیں جیالوں کا جذبہ آج بھی پارٹی اور عوام کی بلاامتیاز خدمت میں پیش پیش ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو ٹھٹھہ میںساحل ویلفیئر ٹرسٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ میرے پرتپاک استقبال پر ٹھٹھہ کی عوام کا شکرگذار ہوں خوشی ہوئی ہے کہ ساحل ٹرسٹ کے روح رواں و ارکان نے عوام کی خدمت کا بیڑہ اٹھایا حکومت سندھ اس اسپتال کو چلانے میں اپنا بھرپور تعاون کرے گی۔انہوں نے کہاکہ غریب عوام اور دکھی انسانیت کی خدمت کرنا اپنی قائد شہید محترمہ بے نظیر بھٹو سے سیکھا ہے، صدر زرداری نے ہمیں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کا تصور دیا جس پر ہم نے زبردست کام کیاآج پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ قانون اور یونٹ پورے ملک میں ماڈل یونٹ طور مانا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ سندھ حکومت کے تحت دریائے سندھ پر پل اور اہم شاہراہیں بنوائیں سندھ حکومت کے تحت اسپتال اور ایمبولنس سروسز کامیابی سے چلا رہی ہے ۔ڈیول کیرج وے کراچی۔ٹھٹھہ ،منچھر جھیل پر سیاحت کے حوالے سے ہٹز کی اپ گریڈیشن کے کام نمایاں ہیں۔ ٹھٹھہ،سجاول پل، جھرک، ملاکاتیار پل و دیگر ترقیاتی کام ہماری عوام کے ساتھ کمٹمنٹ کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔

سندھ حکومت نے انفرااسٹریکچر، ترقی، تعلیم، صحت کی شعبوں میں اصلاحات لے کر آئی کراچی سمیت پورے سندھ میں ترقیاتی کام زور و شور سے جاری ہیں شعبہ صحت میں کافی کام بہتر کیا، سرکاری اسپتالوں میں ادویات باقاعدہ مہیا کی جارہی ہیں اب سرکاری اسپتالوں میں لیب ٹیسٹ وغیرہ کیے جاتے ہیں جہاں جہاں سرکاری اسپتالوں کی لیبارٹریز میں گڑبڑ تھی وہ ہم نے ٹھیک کروائے ہیں ادویات کی خریداری کے کچھ معاملات رہے، جسکا اثر ہم نے کہیں بھی ہونے نہیں دیا ادویات کی خریداری مسئلہ مقامی خریداروں کے ذریعے حل کروایا تھا۔

سید مراد علی شاہ نے کہاکہ ٹھٹھہ کی عوام کو درپیش مسائل کے حوالے سے متعلقہ حکام کو احکامات جاری کیے ہیں ۔ٹھٹھہ میں ریونیو ریکارڈ کی بحالی کے متعلق محکمہ ریونیو کو ہدایات کی ہیں ، جلد مسئلہ حل کرواں گا۔ گھارو سے کیٹی بندر تک سڑک کی تعمیر کے لیے محکمہ ورکس کو احکامات دیئے ہیں جلد سروے کرکے مجھے رپورٹ کریں تاکہ منصوبے کا کام ہوسکے ۔ضلع ٹھٹھہ کی نہروں کی بھل صفائی کے لیے محکمہ آبپاشی کو احکامات دے رہا ہوں ضلع ٹھٹھہ کی سیم نالوں کی صفائی کے لیے لوکل باڈیز کو احکامات دے رہا ہوں اور شناختی کارڈ کے اجراء میں درپیش مسائل کے متعلق خود نادراء سے رجوع کرکے مسئلہ حل کروں گا،ہمارا مقصد عوام کی خدمت کرنا اور انکے مسائل کو حل کرنا ہے۔