ارجنٹائن پارک دونوں ملکوں کی دوستی کی علامت کے طور پر بنایا گیا ہے،پارک کو سر سبز و شاداب بنانے کے لئے متعلقہ شعبے ، اسلام آباد کے شہری اور دوسرے ممالک کے سفارتکار بھی بھر پور کردار ادا کر رہے ہیں، شیخ انصر عزیز

منگل 14 نومبر 2017 19:17

ارجنٹائن پارک دونوں ملکوں کی دوستی کی علامت کے طور پر بنایا گیا ہے،پارک ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2017ء)میئر اسلا م آباد و چیئرمین سی ڈ ی اے شیخ انصر عزیز نے کہا ہے کہ ارجنٹائن پارک دونوں ملکوں کی دوستی کی علامت کے طور پر بنایا گیا ہے۔ اس پارک کو مزید سر سبز و شاداب کرنے کے لیے مزید نئی اقسام کے پودوں کا اضافہ کیا جا رہا ہے، ہمارے لیے یہ بات حوصلہ افزاء ہے کہ نہ صرف متعلقہ شعبے اور اسلام آباد کے شہری وفاقی دارالحکومت کو مزید سر سبز بنانے میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں بلکہ اسلام آباد میں دوسرے ممالک کے سفارتکار بھی شہر ِ بے مثال کو مزید خوبصورت اور سرسبز و شاداب بنانے میں بھر پور کردار ادا کر رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے ارجنٹائن پارک میں شجر کاری کی تقریب میں پودا لگانے کے موقع پر کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ارجنٹائن کے پاکستان میں سفیر آئیون آئیونزوک کے علاوہ سی ڈی اے اور ایم سی آئی کے افسران بھی موجود تھے۔ میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا کہ پاکستان اور ارجنٹائن دوستی کے مضبوط بندھن میں بندھے ہوئے ہیں۔

یہ دوستی معاشی ، اقتصادی ،ثقافتی اور دیگر شعبوں پر محیط ہے اور ارجنٹائن پارک دونوں ممالک کی دوستی کا جیتا جاگتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں پہلی مرتبہ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے بعدمیٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد(ایم سی آئی ) کا قیام عمل میں آیا اور اسلام آباد کی تعمیر و ترقی کی ذمہ داری منتخب نمائندوں کو سونپی گئی۔

اس لیے وفاقی دارالحکومت کو ماڈل اور مزید سر سبز و شاداب شہر بنانے کا کام ایک چیلنج سے کم نہیں لیکن مجھے یقین ہے کہ ہم سب مل کر اسلام آباد کو نہ صرف سر سبز و شاداب بنائیں کے بلکہ اس کو دنیا کا خوبصورت ترین دارالخلافہ بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ نجی شعبے کو باقاعدہ طور شہر کو خوبصورت بنانے کے عمل میںشامل کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں مختلف کھیلوں کے میدانوں، گرین بیلٹس، پارکوں ،رائونڈ ابائوٹس اور دیگر جگہوں کو نجی شعبے کے تعاون سے اپ گریڈ کرنے کے ساتھ ساتھ مزید سہولیات کا اضافہ بھی کیا گیا ہے۔

اس موقع پرارجنٹائن کے پاکستان میں سفیر آئیون آئیونزوک (H.E Mr. Ivan Ivanissevich) نے کہا کہ دونوں ممالک کی دوستی کی علامت کے طور پر ارجنٹائن پارک 1973 ؁ء میں ڈویلپ کیا گیا ۔ اس سے قبل 1968 ؁ء میں ارجنٹائن میں ایک سکو ل کو اسلامک ریپبلک پاکستان کا نام دیا جا چکا ہے جو دونوں ممالک کی دوستی اور باہمی بھائی چارے کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم جکرنڈا اور بدھا کے پودے لگا رہے ہیں جو شمال مشرقی ارجنٹائن میں پائے جاتے ہیں جو مستقبل قریب میں اس پارک کو مزید خوبصورت بنائیں گے۔ میئر اسلام آباد نے متعلقہ شعبوں کو ہدایت کی کہ وہ لگائے گئے پودوں کی نشو ونما کو یقینی بنانے کے لیے مناسب انتظام کریں۔