Live Updates

نواز شریف اور عمران خان کی سیاست دولت کے گرد گھومتی ہے،قمرزمان کائرہ

پارٹی کارکنوں نے جو قربانیاں وطن عزیز جمہوریت اور اپنی پارٹی کیلئے دیں اسکی نظیر پاکستان کی سیاست میں نہیں ملتی،صحافیوں سے بات چیت

منگل 14 نومبر 2017 19:15

نواز شریف اور عمران خان کی سیاست دولت کے گرد گھومتی ہے،قمرزمان کائرہ
اوکاڑہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 نومبر2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی سنٹرل پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سیاست کا محور و مرکز عام آدمی ہے نواز شریف اور عمران خان نظریاتی پارٹی ورکرز کی اہمیت کو نہیں سمجھ سکتے کیونکہ انکی سیاست دولت کے گرد گھومتی ہے ۔ ذوالفقار علی بھٹو کی پیپلز پارٹی ایک نظریاتی پارٹی ہے بھٹو ازم ہمارے کارکنوں کی طاقت ہے ۔

شہید ذوالفقار علی بھٹو نے عام آدمی کو ظلم کیخلاف لڑنا سکھایا ۔ بھٹو کی شہادت سے لیکر محترمہ بینظیر بھٹو کی قربانی ، شیخ منور شہید اور دیگر پارٹی کارکنوں نے جو قربانیاں وطن عزیز جمہوریت اور اپنی پارٹی کیلئے دیں اسکی نظیر پاکستان کی سیاست میں نہیں ملتی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چوہدری منظور احمد مرکزی انفارمیشن سیکرٹری پی پی پی ، ذکی چوہدری ، مہر غلام فرید کاٹھیا سابق ایم این اے رائے مجتبیٰ کھرل اور پیپلز پارٹی اوکاڑہ کی مقامی قیادت کے ہمراہ پارٹی کے مرحوم رہنما شیخ مظفر قانون نائب صدر ضلع اوکاڑہ کی رہائش گاہ پر اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

چوہدری قمر زمان قائرہ دیگر پارٹی عہدہ داروں کے ہمراہ گزشتہ روز شیخ مظفر قانون کے انتقال پر اظہار تعزیت کرنے کیلئے انکی رہائش گاہ پر تشریف لائے تھے ۔مرحوم کے صاحبزادوں شیخ عقیل حیدر ، شیخ فخر ،شیخ جہانزیب تصور، شیخ بابراور شیخ وحید سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا شیخ مظفر قانون پارٹی کا قیمتی اثا ثہ تھے جو آج ہم میں نہیں مگر انکی پارٹی کیلئے خدمات اود جدوجہد ایک نظریاتی کارکن کیلئے مشعل راہ سے کم نہیں۔پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکن آپکے غم میں برابر شریک ہے کیونکہ پیپلز پارٹی ایک سیاسی جماعت ہی نہیں ایک خاندان ہے جس کا ہر فرد اہم اور قابل احترام ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات