گورنرسندھ سے کمانڈر کوسٹ رئیر ایڈمرل معظم الیاس کی ملاقات

پاک بحریہ کی شاندار پیشہ ورانہ مہارت ، ملک کی بحری حدود کی نگہبانی ،پاک بحریہ کے کردار اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال

منگل 14 نومبر 2017 18:12

گورنرسندھ سے کمانڈر کوسٹ رئیر ایڈمرل معظم الیاس کی ملاقات
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 نومبر2017ء) گورنرسندھ سے کمانڈر کوسٹ رئیر ایڈمرل معظم الیاس نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں پاک بحریہ کی شاندار پیشہ ورانہ مہارت ، ملک کی بحری حدود کی نگہبانی اور اسمگلنگ کی روک تھام میں پاک بحریہ کے کردار اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ پاک بحریہ پیشہ ورانہ مہارت کے لحاظ سے دنیا بھر کی بحری افواج میں نمایاں مقام رکھتی ہے، اقوام عالم پاک بحریہ کی پروفیشنل مہارت کی معترف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی سمندری حدود کی حفاظت کے ساتھ اسمگلنگ کی روک تھام میں بھی بحریہ اہم کردار ادا کر رہی ہے پوری قوم پاک بحریہ کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ کے کیڈٹ با صلاحیت اور فن حربی میں اپنی مثال آپ ہیں سمندری حدود کی حفاظت کی ضامن پاک بحریہ دور جدید کے تقاضوں کے مطابق ہم آہنگ ہے جو ہر قسم کے چیلنجز سے نبر د آزما ہونے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے ۔ ملاقات میں رئیر ایڈمرل معظم الیاس نے بتایا کہ سمندری حدود سے اسمگلنگ کی روک تھا م کے لئے موئثر اقدامات یقینی بنائے گئے ہیں ،ہمہ وقت چوکس اور جذبہ حب الوطنی سے سرشار پاک بحریہ ہمیشہ قوم کے اعتماد پر پورا اترے گی۔