اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن ایکٹ 2017 پر تا حکم ثانی معطل کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے وفاق سے 14 روز میں جواب طلب کرلیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 14 نومبر 2017 17:32

اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن ایکٹ 2017 پر تا حکم ثانی معطل کرنے کا حکم ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔14نومبر۔2017ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن ایکٹ 2017 تا حکم ثانی معطل کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے وفاق سے 14 روز میں جواب طلب کرلیا ہے۔الیکشن ایکٹ 2017 میں ترمیم کے خلاف مولانا اللہ وسایا نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔جس پر سماعت کرتے ہوئے اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے تاحکم ثانی الیکشن ایکٹ 2017 معطل کردیا ہے۔

عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ ختم نبوت ﷺکا معاملہ ہے ایسے نہیں چھوڑ سکتے۔اس موقع پر ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت کے فیصلے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن سر پر ہے ایکٹ کی معطلی سے افراتفری پھیل جائے گی۔ الیکشن ایکٹ2017کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور قانون دان ذوالفقار بھٹہ نے بھی عوامی مفاد کے آرٹیکل 184/3 کے تحت دائر کی تھی، جس میں جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ پاناما فیصلے کے نتیجے میں نوازشریف کو رکن قومی اسمبلی کے عہدے کے لیے نا اہل کیا گیا تھا جبکہ پاناما کیس کے نتیجے میں ہی نوازشریف کومسلم لیگ (ن) کے عہدے سے ہٹنا پڑا تاہم نوازشریف کو مسلم لیگ (ن) میں صدر کے عہدے پر دوبارہ لانے کے لیے الیکشن ایکٹ میں خصوصی ترامیم کی گئیں۔

(جاری ہے)

تاہم 10 نومبر 2017 کو سپریم کورٹ نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی الیکشن بل کے خلاف دائر درخواست اعتراضات لگا کر واپس کرتے ہوئے درخواست گزار کو متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کی ہدایت کی تھی۔مولانا اللہ وسیا کی درخواست ختم نبوتﷺ سے متعلقہ شقوں کے بارے میں تھی جس پراسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس شوکت عزیز صدیقی کی سربراہی میں سنگل رکنی بنچ نے انتخابی اصلاحات بل کے ذریعے ختم نبوت سے متعلق شقوں میں ترمیم کے معاملے کی سماعت کی۔

درخواست گزار کی جانب سے انتخابی اصلاحات بل کے ذریعے ختم نبوتﷺ سے متعلق شقوں میں ترمیم کے خلاف آئینی درخواست دائر کی گئی تھی جس میں موقف اپنایا گیا کہ ختم نبوت سے متعلق تمام شقوں اور حلف ناموں کو اصل حالت میں بحال کیا جائے، عدالت نے دلائل سننے کے بعد تمام فریقین کونوٹس جاری کرتے ہوئے الیکشن ایکٹ 2017 آئندہ سماعت تک معطل کرنے کا حکم دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :