مشترکہ پریس کانفرنس ایم کیوایم، پی ایس پی ملاقات کا اعلامیہ تھا معاہدہ نہیں،

اسٹیبلشمنٹ کاجس نے کہا اسی سے پوچھا جائے، خواجہ اظہارالحسن

منگل 14 نومبر 2017 15:00

مشترکہ پریس کانفرنس ایم کیوایم، پی ایس پی ملاقات کا اعلامیہ تھا معاہدہ ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 نومبر2017ء) سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اورمتحدہ قومی موومنٹ کے رہنما خواجہ اظہارالحسن نے کہا ہے کہ مشترکہ پریس کانفرنس ایم کیوایم، پی ایس پی ملاقات کا اعلامیہ تھا معاہدہ نہیں، اسٹیبلشمنٹ کاجس نے کہا اسی سے پوچھا جائے۔خصوصی گفتگوکرتے ہوئے خواجہ اظہارالحسن نے کہا کہ کراچی کی سیاسی مفاہمتی فضا سے فائدہ نہیں اٹھایا جاسکا، اسٹیبلشمنٹ کے بارے میں جس نے کہا اسی سے پوچھا جائے۔

انہوں نے کہاکہ کراچی کے امن کی خاطر پی ایس پی والوں سے مفاہمت کی، ان سے جب بھی ملے ہیں پارٹی وفد کے ساتھ ملے ہیں اور یہ کوئی انوکھی بات نہیں ایم کیوایم پاکستان دیگر سیاسی جماعتوں سے بھی ملتی ہے، متحدہ قومی موومنٹ کسی کے ساتھ بھی اتحاد کرسکتی ہے۔

(جاری ہے)

خواجہ اظہارالحسن نے کہا کہ ملاقات میں پی ایس پی اور ایم کیوایم پاکستان ختم کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا تھا، ایم کیوایم پاکستان اپنے نام اور نشان کو نہیں ختم کریگی، ہم سیاسی فضا کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔

ایک سوال کے جواب میں خواجہ اظہار نے کہا کہ مصطفی کمال نے فاروق ستار کے ساتھ بیٹھ کراتنی بات کہہ دی کہ ایم کیوایم کو دفن کریں گے، مشترکہ پریس کانفرنس ایم کیوایم، پی ایس پی ملاقات کا اعلامیہ تھا معاہدہ نہیں، فاروق ستار نے پوری رابطہ کمیٹی کو پی ایس پی سے متعلق اعتماد میں لیاتھا۔انہوں نے بتایا کہ پی ایس پی رہنمائوں سے ملاقات کے وقت ایم کیوایم کا وفد موجود تھا، نسرین جلیل اس دوران نہیں تھیں، فاروق ستار نے پارٹی کے دیگر رہنمائوں کو بھی اعتماد میں لیا، معاہدہ یہ تھا کہ اجلاس میں مزید بات کرکے دونوں جماعتوں کا انضمام ہوگا۔