قلعہ سیف اللہ میں خسرے کی وباء پھوٹ پڑنے سے 16 بچے جان کی بازی ہار گئے

پیر 13 نومبر 2017 22:12

قلعہ سیف اللہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 نومبر2017ء) بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ میں خسرے کی وباء پھوٹ پڑنے سے 16 بچے جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سینکڑوں بچے متاثر ہوئے ہیں ، خسرے کی وباء ضلع کی 12 یونین کونسلز میں پھوٹ چکی ہیں ، بروقت میڈیکل ٹیمیں نہیں بھیجی گئی تو انسانی جانی نقصان میں اضافہ ہوسکتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز ڈسٹرکٹ چیئرمین قلعہ سیف اللہ عبدالخالق میرزئی نے میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔

ان کا کہنا تھا کہ قلعہ سیف اللہ کے علاقوں دولت زئی ، اخترزئی اور شاگئی میرزئی سمیت 12 یونین کونسلوں میں خسرے کی وباء پھوٹ پڑنے سے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران اب تک 16 بچے جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ سینکڑوں بچے ایسے ہیں جو خسرے کے وباء کے شکار ہوچکے ہیں اگر وقت متاثرہ یونین کونسلز میں میڈیکل ٹیمیں نہ بھیجی گئی تو انسانی جانی نقصان میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے ۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر قلعہ سیف اللہ کا کہنا تھا کہ ابھی تک خسرے کی وباء سے متاثرہ یونین کونسلوں میںسے 7 بچوں کی اموات ہوئی ہیں جبکہ 220 بچے متاثر ہوچکے ہیں اس سلسلے میں ضلع بھر میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اس وقت ضلع میں ہمیں 3سو 50 ویکسین دستیاب ہیں جبکہ ضرورت 25 ہزار ویکسین کی ہیں تاکہ بچوں کو اس وبائی مرض سے بچایا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے محکمہ صحت سے میڈیکل ٹیموں اور ادویات کے لئے درخواست کی ہے ۔