پاک فضائیہ کے JF-17 تھنڈر کا دوبئی ائیر شو میں شاندار فضائی مظاہرہ

پیر 13 نومبر 2017 22:11

پاک فضائیہ کے JF-17 تھنڈر کا دوبئی ائیر شو میں شاندار فضائی مظاہرہ
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2017ء) شائقین کی ایک بہت بڑی تعداد کی موجودگی میں 16 ویں دوبئی ائیر شو کی افتتاحی تقریب کا انعقادہوا جس میں پاک فضائیہ کے JF-17 تھنڈر نے اپنی فضائی کارکردگی کا شاندار مظاہرہ کیا۔ JF-17 تھنڈر نے مسحور کن فضائی مظاہرہ کیا جس میں غیر معمولی کرتب دکھائے جن میں muscle climb, thunder turns, slow speed performance and inverted flightشامل ہیں۔

پاکستان ایئر فورس سے پیر کو یہاں جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پاک فضائیہ کے پائلٹ نے اپنی کارکردگی سے تماشائیوں پر سحر طاری کر دیا۔ مظاہرے کے بعد جب طیارہ واپس آیا تو پر جوش شائقین نے تالیاں بجا کر داد دی۔ فضائی مظاہرے کے ساتھ ساتھ ایک JF-17 طیارہ تمام ہتھیاروں سے لیس زمین پر شائقین کے لیے مرکز نگاہ بنا رہا جس میں خریداروں اور شائیقین نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

دلکش اور مہلک لڑاکا طیارے جے ایف 17 تھنڈر کے علاوہ جدید ترین تربیتی طیارہ سپر مشاق بھی پانچ روز جاری رہنے والے اس ائیر شو میں نمائش کے لیے پیش کیا گیا ہے۔ ائیر مارشل احمر شہزاد، چیئرمین پاکستان ائیروناٹیکل کمپلیکس کامرہ نے بھی اس افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ اپنے ہم عصر جنگی جہازوں میں JF-17 تھنڈر کو ایک نمایاں حیثیت حاصل ہے۔ پاکستان ائیروناٹیکل کمپلیکس کی کاوش JF-17 تھنڈر ایک کم قیمت، بہت طاقتور، ہمہ جہت، کم وزن اور جدید ترین ایویانکس سسٹم سے مزین ہونے کے ساتھ ساتھ ہر قسم کے جدید ہتھیاروں، بمبوں، فضا سے فضا اور فضا سے زمین پر اور اینٹی شپ میزائل سے لیس جنگی جہاز ہے۔

جہاز کے اندر ڈیجیٹل فلائی بائی وائیر فلا ئٹ کنٹرول سسٹم لگا ہوا ہے جو اسے ہر قسم کے مشن میں فوقیت دلاتا ہے۔ اس طیارے کی چھوٹے رن وے سے ٹیک آف اور لینڈنگ کی صلاحیت اسے ہر قسم کے فضائی آپریشن میں معاون ثابت ہوتی ہے جو کہ حال اور مستقبل کی فضائی طاقت کے چیلنجز کو پورا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ پاکستانی ساختہ سپر مشاق طیارہ جدید آلات اور سہولیات سے لیس ہے جس کی وجہ سے ابتدائی فضائی تربیت کے لئے بہترین خیال کیا جاتا ہے۔ سپر مشاق طیارہ جدیدابتدائی فضائی تربیت کی تمام ضروریات کو پورا کرتا ہے۔ پاکستان ائیر وناٹیکل کمپلیکس نے بھی اپنی عالمی معیا ر کے عین مطابق تیار کردہ مصنوعات کی نمائش کے سلسلے میں دبئی ائیر شو میں ایک سٹال لگایا۔

متعلقہ عنوان :