نبی کریمؐ کی تعلیمات عوام کے حقوق کا احترام سکھاتی ہیں، مریضوں ، طالبعلموں اور عوام کی زندگی اجیرن کرنا کسی بھی طرح حب رسولؐ نہیں، سپاہیوں کا اغواء انتہائی سنگین جرم ہے،

تحریک لبیک یا رسول اللہ کے قائدین احتجاج کریں مگر قانون ہاتھ میں لینے سے گریز کریں، کوئی مسلمان ختم نبوت پر سمجھوتہ نہیں کر سکتا، پاکستان میں امن کی حفاظت سب کا فرض ہے،وفاقی وزیر داخلہ پروفیسر احسن اقبال کا بیان

پیر 13 نومبر 2017 20:44

نبی کریمؐ کی تعلیمات عوام کے حقوق کا احترام سکھاتی ہیں، مریضوں ، طالبعلموں ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2017ء) وزیر داخلہ پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ نبی کریمؐ کی تعلیمات عوام کے حقوق کا احترام سکھاتی ہیں ،مریضوں ، طالبعلموں اور عوام کی زندگی اجیرن کرنا کسی بھی طرح حب رسولؐ نہیں، سپاہیوں کا اغواء انتہائی سنگین جرم ہے۔ پیر کو وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق وزیر داخلہ نے کہا کہ تحریک لبیک یا رسول اللہ کے قائدین احتجاج کریں مگر قانون ہاتھ میں لینے سے گریز کریں۔

(جاری ہے)

کوئی مسلمان ختم نبوت پر سمجھوتہ نہیں کر سکتا، اس مسئلہ پر قوم متحد ہے لہذا تقسیم پیدا کرنا نامناسب ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عاشقان رسولؐ کی قوم ہیں، پاکستان میں امن کی حفاظت سب کا فرض ہے ۔ احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان دشمن حلقے مظاہرین کی تصویریں اور تقریریں عالمی سطح پر اسے بدنام کرنے کے لئے استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ تشدد سے بچا جائے،عوام کی مشکلات کا مظاہرین کو احساس دلوایا گیا ہے ، امید ہے وہ جلد راستہ کلئیر کر دیں گے، حکومت انتہائی قدم اٹھانے سے احتیاط برت رہی ہے تاکہ شرپسند اس کا فائدہ نہ اٹھا سکیں ۔ وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ امید ہے حکومت کو انتہائی قدم پر مجبور نہیں کیا جائیگا ۔