ایمریٹس نے 15ارب ڈالر مالیت کے جدید ترین 40 بوئنگ طیاروں کی خریداری کا اعلان کردیا

پیر 13 نومبر 2017 19:06

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 نومبر2017ء) دنیا کی سب سے بڑی ایئرلائن ایمریٹس نے 40 عدد بوئنگ ڈریم لائنرز جہاز (787-10) کی خریداری کے لئے 15.1 ارب ڈالر معاہدے کا اعلان کیا ہے۔ دبئی ایئر شو سال 2017 کے افتتاحی روز متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور وزیراعظم عزت مآب شیخ محمد بن راشد المختوم، ایمریٹس ایئرلائن اور گروپ کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو عزت مآب شیخ احمد بن سعید المختوم نے بوئنگ ایئرپلینز کے پریذیڈنٹ اور سی ای او کیون مک الیسٹر کے ساتھ اس معاہدے پر دستخط کئے۔

شیخ احمد بن سعید المختوم نے کہا، "آج کے ایمریٹس آرڈر کی ڈیلوری 2022 سے ہوگی جس سے ایئرلائن کو 2030 کی دہائی میں آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔ ان میں بعض طیارے تبدیل ہوں گے تاکہ ہم اپنے فضائی بیڑے میں نئے اور بہترین جہازوں کی آمد جاری رہے اور دیگر طیاروں سے ہمارے مستقبل کے نیٹ ورک کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

ہم نئے بوئنگ 787 جہازوں کو 777 جہازوں اور اے 380 جہازوں کے بیڑے میں شامل کریں گے جس سے ہمیں مسافروں کو دور دراز مقامات تک پہنچانے میں آسانی ہوگی اور ہمارا عالمی روٹ نیٹ ورک مزید پھیلے گا۔

" انہوں نے مزید کہا، "ایمریٹس کی ہمیشہ سے یہ حکمت عملی رہی ہے کہ جدید ترین اور بہترین طیاروں کے حصول کے لئے سرمایہ کاری جائے اور آج کے آرڈرز سے اس بات کی عکاسی ہوتی ہے اور ہوا بازی کے مستقبل میں متحدہ عرب امارات اور خطے میں ہمارے اعتماد کا اظہار ہوتا ہے۔ " بوئنگ ایئرپلینز کے پریذیڈنٹ اور سی ای او کیون مک الیسٹر نے کہا، "ہم خوش ہیں کہ ایمریٹس نے اپنے فضائی بیڑے میں وسعت لانے اور مستقبل میں بہتر کارکردگی کے لئے بوئنگ 787-10ڈریم لائنر جہاز کا انتخاب کیا ہے۔

یہ جہاز جب اگلے سال سروس کا آغاز کرے گا تو کمرشل ہوا بازی کی صنعت میں انتظامی اخراجات کا نیا معیار قائم کرے گا۔ ایمریٹس کی جانب سے بوئنگ 787 ڈریم لائنر جہازوں کے معیار کو تسلیم کرنے سے ہماری دیرینہ شراکت داری مزید وسیع ہورہی ہے اور اس کے نتیجے میں امریکہ میں بہت سی ملازمتیں برقرار رہیں گی۔ " ایمریٹس اپنے ڈریم لائنر جہاز کے آرڈر کے لئے انجن کے آپشنز کا جائزہ لے رہا ہے۔

ایمریٹس کے اس معاہدے میں اسکے مستقبل کے بیڑے اور عالمی نیٹ ورک میں شامل ہونے کی اضافی لچک ہے۔ یہ جہاز ایمریٹس کو دو اور تین کیبن کی مکس کلاس کی خصوصیات کے ساتھ فراہم کیا جائے گا جس میں ممکنہ طور پر 240 سے 330 مسافروں سوار ہوسکیں گے۔ اس جہاز کی فراہمی کا آغاز سال 2022 سے مختلف مراحل میں شروع ہوگا۔ ایمریٹس کے اس آرڈر سے امریکی ایرواسپیس مینوفیکچرنگ شعبے میں مجموعی طور پر نہ صرف 78 ہزار سے زائد ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ امریکہ بھر میں درمیانے اور چھوٹے کاروبار پر مشتمل دیگر ہزاروں سپلائیرز بھی مستفید ہوں گے۔

ایمریٹس نے دبئی ایئر شو 2013 میں جی ای 9 ایکس انجن والے 150 عدد بوئنگ 777 ایکس طیاروں کا تاریخی معاہدہ کیا تھا جن کی فراہمی کا آغاز 2020 سے ہونا ہے۔ ایمریٹس کی بوئنگ کے ساتھ شراکت داری دہائیوں پر پھیلی ہوئی ہے۔ بلاشبہ ایمریٹس بوئنگ 777 جہاز آپریٹ کرنے والی دنیا کی سب سے بڑی ایئرلائن ہے۔ آج کے اس اعلان کے بعد ایمریٹس چوڑی جسامت والے 204 عدد بوئنگ جہازوں کی ڈیلوری وصول کرے گا۔

متعلقہ عنوان :