Live Updates

تحریک انصاف کے شفاف انٹرپارٹی الیکشن کے حوالے سے سپانسرڈ پٹیشن ردی کی ٹوکری میں جائے گی ،ْ بابر اعوان

تحریک انصاف کسی قسم کے لنگڑے لولے، معذور اور مجبور نظام کو جمہوریت کہہ کر قبول نہیں کرسکتی ،ْ وزیر اعظم اسمبلی توڑ دیں ،ْ سپریم کورٹ سوموٹو لیکر شاہد خاقان عباسی کو نااہل قراردے ،ْنعیم الحق کی میڈیا سے بات چیت

پیر 13 نومبر 2017 18:56

تحریک انصاف کے شفاف انٹرپارٹی الیکشن کے حوالے سے سپانسرڈ پٹیشن ردی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 نومبر2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے شفاف انٹرپارٹی الیکشن کے حوالے سے سپانسرڈ پٹیشن ردی کی ٹوکری میں جائے گی ۔۔پیر کو الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی انتخابات پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے انٹرا پارٹی انتخابات تھے جس کا ایک ایک مرحلہ شفاف تھا، اس حوالے سے حکمرانوں نے عمران خان اور پی ٹی آئی کے خلاف جھوٹی پٹیشنز کرائیں،ان میں سے ایک کی سماعت ہوئی ہے، انہوں نے کہا کہ ایسی جماعتیں بھی ہیں جو انتخابات کراتی ہیں لیکن ان کا امیدوار ہی سامنا نہیں ہوتا،ایک ایسی جماعت ہے جس کے امیدوار کو سپریم کورٹ نے تین دفعہ نااہل کہا ، جبکہ تحریک انصاف کے شفاف انٹرپارٹی الیکشن کے حوالے سے سپانسرڈ پٹیشن درج کرائی گئی، ہمیں امید ہے کہ یہ پٹیشن بھی ردی کی ٹوکری میں جائے گی، انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں تحریک انصاف کا راستہ کوئی نہیں روک سکتا ،اس وقت اداروں پر تختہ لاہور کے کارندے حملہ آور ہیں، سارے حربے استعمال کیے جارہے ہیں،پہلے تاجر وزیراعظم انصاف بھی تجارت کے ذریعے حاصل کرتارہا ، اب ادارے آزاد ہیںانہوںنے کہا کہ موجودہ وزیراعظم نے پی آئی اے کی نیویارک کی پرواز بند کرادی ہے،دکاندار ذہنیت کا آدمی اقتدار میں بیٹھا ہوا ہے لوگوں کا حق ہے کہ انہیں نیا الیکشن ملے، غریب عوام کا حق ہے کہ انہیں ریلیف ملے ،ْ تحریک انصاف کسی قسم کے لنگڑے لولے، معذور اور مجبور نظام کو جمہوریت کہہ کر قبول نہیں کرسکتی ،شاہد خاقان عباسی اسمبلی توڑیں ،ْ ساری اسمبلیاں توڑی جائیں تاکہ نیا الیکشن ہو۔

(جاری ہے)

نعیم الحق نے کہا کہ جسٹس آصف سعید کھوسہ نے حدیبیہ پیپرز کیس سے علیحدہ ہوکر مدبرانہ فیصلہ کیا، یہ اصولی فیصلہ تھا، ہم امید کرتے ہیں کہ چیف جسٹس ایک نیا بینچ بنائیں گے،انہوں نے کہا کہ شہبازشریف اس معاملے میں براہ راست ملوث ہیں،مجرمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے،شاہد خاقان عباسی کٹھ پتلی وزیراعظم ہیں،انہوں نے اسحاق ڈار کو نیب سے بچانے کے لیے وزیر خزانہ بنارکھا ہے،وہ اپنے حلف کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں، سپریم کورٹ سوموٹو لے کر شاہد خاقان عباسی کو نااہل قراردے،نعیم الحق نے کہا کہ آصف زرداری کے خلاف جو مقدمات ختم کیے گیئے ان کی دوبارہ تفتیش کی جائے،آصف زرداری نے ہر جگہ کمیشن بناکر دولت میں اضافہ کیا،ان کی باہر ملکوں میں جائیدادیں ہیں،نیب کے چیئرمین سے مطالبہ کرتے ہیں، کہ آصف زرداری کے مقدمات کو بھی شروع کیا جائے، تاکہ آئندہ انتخابات میں چوروں کی نشاندہی ہوجائے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات