قومی دولت کو لوٹنے والے آئندہ انتخابات میں پی ٹی آئی کا مقابلہ نہیں کرسکتے،شکیل احمد خان

پیر 13 نومبر 2017 18:47

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 نومبر2017ء)وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے مشیر برائے بہبود آبادی شکیل احمد خان نے کہا ہے کہ قومی دولت کو دونوں ہاتوں سے لوٹنے والے ڈاکو اور چور آئندہ عام انتخابات میں پی ٹی آئی کے نوجوان کارکنوں کے جذبہ اور جنون کا ہرگز مقابلہ نہیں کر سکتے وہ گذشتہ روز محلہ شیخ آباد پیر خیل میں ایک شمولیتی تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔

جس سے ممبر قو می اسمبلی جنید اکبر تحصیل نائب ناظم صفدر شاہ ، حاجی افتخارخان ، ڈاکٹر فضل محمد اور ڈاکٹر شفقت ایاز نے بھی خطاب کیا۔ اس موقعہ پر حضرت نواب ، زرین بادشاہ ، مہم بادشاہ، باور شاہ ، خائستہ بادشاہ ، محمد رحمان ، خان نواب اور نعمان نے خاندان اور ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا ۔

(جاری ہے)

صوبائی مشیر اور ایم این اے نے اُن کو پارٹی صفوں میں خوش آمدید کہتے ہوئے مبارک باد پیش کی ۔

شکیل احمد خان ، جنید اکبر اور دیگر مقررین نے کہا کہ ہمارے لیے یہ بات باعث افتخار اور اطمینان ہے کہ جب حکومتی پارٹی کے اقتدار کا آخری سال آتا ہے تو لوگ مختلف بہانے بنا کر حکومتی پارٹی سے علیحدگی کے اعلان کرتے ہیں ، جبکہ اس کے برعکس لوگ جوق در جوق پی ٹی آئی میں شامل ہورے ہیں ۔ جو صوبائی حکومت اور عمران خان کی پالیسیوں پر مکمل اعتماداور اس بات کا ثبوت ہے کہ پی ٹی آئی کا گراف دن بہ دن تیزی سے بڑھ رہا ہے ۔

اُنہوں نے کارکنوں پرزور دیا کہ وہ متحد ہو کر عمران خان کاپیغام گھر گھر پہنچائیں تاکہ آیندہ عام انتخابات میں NA4 کے ضمنی الیکشن کے ٹریلر کو دہراکر نہ صرف مالاکنڈ بلکہ صوبہ اور ملک بھر میں مخالفین کو شکست فاش دے کر صوبے اور مرکز میں حکومتین بنا ئیں ۔ بلکہ مخالف پارٹیوں کو الیکشن کے لیے ایجنٹ بھی نہ مل سکیں۔مقررین نے کہا کہ ان چوروں اور قومی لٹیروں سے پائی پائی کا حساب لیں گے۔

جنہوں نے قومی دولت لوٹ کر برطانیہ ، دوبئی سوئز لینڈ اور مری میں ناجائز پراپرٹی بنا ئی ہیں۔ ایم ایم اے بحالی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ چلے ہوئے کارتوس ہیں ۔ اگر یہ 9 کی بجائی19پارٹیا ں بھی اکھٹی ہوجائیں تو پی ٹی آئی کا مقابلہ نہیں کرسکتیں۔اور نہ ہی عوام کو مذہب ، قوم اور نام نہاد ترقی کے نام پر مزید دھوکہ دے سکتے ہیں۔