ریلوے کی ذیلی کمپنی ریل کاپ کے سالا نہ خالص منافع میں گزشتہ چار برسوں میں 19گنا اضافہ

اضافہ کمپنی کے قیام سے اب تک 38برسوں میں ایک نیا ریکارڈ ہے‘چیئر پرسن ریلویز پروین آغا کی زیر صدارت اجلاس

پیر 13 نومبر 2017 18:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 نومبر2017ء) پاکستان ریلوے کی ذیلی کمپنی ریل کاپ کے سالا نہ خالص منافع میں گزشتہ چار برسوں میں 19گنا اضافہ ہوگیا ،یہ اضافہ کمپنی کے قیام سے اب تک 38برسوں میں ایک نیا ریکارڈ ہے۔ یہ اعدادو شمار ریل کاپ کے 37ویں سالانہ جنرل اجلاس میں پیش کئے گئے جس کی صدارت چیئر پرسن پاکستان ریلویز پروین آغانے کی جبکہ وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے اپنے ایک پیغام میں کمپنی کی شاندار کارکردگی اور کامیابی پر ایم ڈی ریل کاپ عامر نثار اور تمام کارکنوں کو مبارک باد دی ہے اور کہا ہے کہ پاکستان ریلوے میں بحالی اور ترقی کے عمل میں اسی جوش اور جذبے کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے ۔

اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد جاوید انورایم ڈی ریل کاپ آڈیٹرز اور دیگر حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پیش کی گئی تفصیلات کے مطابق 2012-13 میں کمپنی کا ٹرن اوور 648.806 ملین تھا جو 2016-17 میں 2450.00 ملین ہو گیا ۔کمپنی کی مالیت 1616.793ملین سے بڑھ کر 2500.00ملین ہو گئی ۔ ٹیکس ادا کرنے سے قبل منافع 52.20 ملین سے بڑھ کر 602.00ملین ہو گیا جبکہ ٹیکس ادا کرنے کے بعدنیٹ پرافٹ 23.374 ملین سے بڑھ کر 450.00ملین ہو گا جو انیس گنا سے بھی زائد ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئر پرسن پاکستان ریلویز مسز پروین آغانے کہا کہ کمپنی کو درپیش مسائل حل کئے جائیں گے اور کارکردگی میں مزید بہتری کے لیے سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

متعلقہ عنوان :